گوگل کی مفت سروس: اپنی ذاتی معلومات کیسے محفوظ بنائیں؟
آج کی ڈیجیٹل دنیا میں آپ کی ذاتی معلومات جیسے نام، فون نمبر اور گھر کا پتہ بعض کمپنیوں کے ہاتھوں فروخت کیے جانے کا خطرہ بہت زیادہ ہے۔ یہ کمپنیاں، جنہیں عام طور پر ڈیٹا بروکرز کہا جاتا ہے، اکثر صارفین کی معلومات مختلف افراد یا اداروں کو فراہم کر تی ہیں، جن میں ہیکرز، سابق پارٹنر یا ٹیلی مارکیٹنگ کمپنیاں شامل ہو سکتی ہیں۔
یہ فروخت کیا گیا ڈیٹا یا ذاتی معلومات آپ کے تحفظ کو خطرے میں ڈال دیتا ہے، لیکن اچھی بات یہ ہے کہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک ایسا ٹول دستیاب ہے جو صارفین کی ذاتی معلومات کے حصول یا تلاش کو ڈیٹا بروکرز کے لیے مشکل بنا دیتا ہے۔
یہ گوگل کی ایک مفت سروس ہے جسے ’رزلٹس اباؤٹ یو‘ کہا جاتا ہے اور یہ آن لائن معلومات کے خطرے سے بچانے کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔
گوگل مسلسل انٹرنیٹ پر موجود مواد کو اسکین کرتا رہتا ہے تاکہ اپنے سرچ انجن کو بہتر بنایا جا سکے، اور اس دوران صارفین کی بعض حساس معلومات بھی اس کے ڈیٹا میں شامل ہو جاتی ہیں جو آپ خفیہ رکھنا چاہتے ہیں۔ یہ معلومات نادانستہ طور پر آپ کو مختلف خطرات میں ڈال سکتی ہیں۔ تاہم، ’رزلٹس اباؤٹ یو‘ کے ذریعے صارف آسانی سے ایک بٹن دبا کر اپنی ذاتی معلومات کے لنکس گوگل سرچ سے ہٹا سکتے ہیں۔
تھورن کلوسوسکی، جو امریکا میں ڈیجیٹل رائٹس گروپ ’الیکٹرانک فرنٹیئر فاؤنڈیشن‘ سے منسلک ہیں، کہتے ہیں کہ یہ مارکیٹ کے سب سے اہم اور آسان پرائیویسی ٹولز میں سے ایک ہے۔
جب آپ اس ٹول کو مینیج یا سیٹ کر لیتے ہیں، تو گوگل ہر بار جب بھی کوئی آن لائن آپ کا نام، ای میل، فون نمبر یا پتہ تلاش کرے تو آپ کو ای میل کے ذریعے اطلاع ملتی ہے۔ پھرآپ صرف ایک کلک سے ان ویب سائٹس کا جائزہ لے سکتے ہیں جہاں یہ معلومات موجود ہیں۔
یہاں یہ بات جاننا بہت ضروری ہے کہ جرائم پیشہ افراد ہیکنگ اور ڈیٹا لیکس کے ذریعے حساس معلومات خریدتے اور بیچتے رہتے ہیں، اور گوگل اس لیول پر یا ان معاملات میں مدد نہیں کر سکتا۔ کیونکہ ’رزلٹس اباؤٹ یو‘ ویب سائٹس سے معلومات حذف نہیں کرتا بلکہ صرف گوگل سرچ سے ان کے لنکس ہٹا دیتا ہے، جو آن لائن خطرات کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
یوں سمجھ لیں کہ یہ ٹول آپ کو مکمل پرائیویسی نہیں دیتا، لیکن آن لائن جعل سازوں کے لیے آپ کو آسان ہدف بننے سے بچاتا ہے۔ کلوسوسکی کے مطابق، اگر کوئی واقعی آپ کو تلاش کرنا چاہے تو وہ ڈھونڈ سکتا ہے، لیکن گوگل کا یہ سادہ اور عام استعمال ہونے والا ٹول آپ کی سب سے بڑی اور فوری حفاظتی سطح فراہم کرتا ہے۔
اس ٹول کو استعمال کرنا نہایت آسان ہے، بس ’رزلٹس اباؤٹ یو‘ ہب پر جائیں اور فارم بھر کر اپنی معلومات بھیج دیں۔ آپ گوگل پر موجود کسی بھی پریشان کن مواد کی تفصیلات بھی یہاں جمع کرا سکتے ہیں اور سرچ نتائج میں موجود تین نقطوں والے مینو سے ’ریموو رزلٹ‘ کا انتخاب کر کے لنکس ہٹائے جا سکتے ہیں۔ گوگل بعض اوقات خاندان کے افراد سے متعلق معلومات بھی ہٹا دیتا ہے، لیکن سرکاری یا نیوز ویب سائٹس پر موجود مواد اس سے مستثنیٰ ہوتا ہے۔
اگر آپ چاہتے ہیں کہ ڈیٹا انٹرنیٹ سے مکمل طور پر حذف ہو جائے تو یہ ایک زیادہ پیچیدہ عمل ہے، جس کے لیے آپ کو ڈیٹا بروکرز سے براہِ راست رابطہ کرنا ہوگا یا کچھ پیڈ سروسز بھی آپ استعمال کرسکتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ کہ کیلیفورنیا کے رہائشی مفت سرکاری پلیٹ فارم ’ڈراپ‘ کے ذریعے ایک ساتھ ہزاروں ڈیٹا بروکرز سے معلومات حذف کرنے کی درخواست دے سکتے ہیں۔
2022 میں لانچ ہونے والے اس ٹول کو اب تک ایک کروڑ سے زائد افراد نے استعمال کیا ہے، جو کہ گوگل کے 1.8 ارب اکاؤنٹس کے مقابلے میں صرف چھوٹا حصہ ہے۔ تا ہم اس میں کوئی شبہ نہیں کہ یہ ٹول آسانی اور فوری رسائی کے باعث صارفین کو قابل ذکر حد تک حفاظت فراہم کرتا ہے۔