مشرق وسطیٰ میں جنگ سے فضائی آپریشن متاثر، چار ہزار سے زائد پروازیں منسوخ
مشرق وسطیٰ میں جنگ سے فضائی آپریشن شدید متاثر ہیں، پانچ روز کے دوران آٹھ ممالک میں 4300 سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔
دبئی ابوظہبی شارجہ ایئرپورٹس سے ہنگامی انخلا کے لیے 167 پروازیں آپریٹ ہوئیں۔ فلائٹ شیڈول کے مطابق پاکستان سے مشرق وسطیٰ کے لیے 145 پروازیں کینسل کی جا چکی ہیں۔
کراچی اور اسلام آباد سے 35، 35، لاہور سے 29، پشاور سے 14، سیالکوٹ اور ملتان سے 12،12 ، فیصل آباد سے چھ اور کوئٹہ سے چار پروازیں منسوخ کی گئیں جب کہ پاکستان سے مجموعی طور پر منسوخ فلائیٹس کی تعداد 145 ہوگئی ہیں۔
ایران امریکا جنگ سے ایئر کارگو نظام معطل
دوسری جانب ایران امریکا جنگ کے باعث فضائی آپریشن بند ہونے سے اب تک سیکڑوں پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں وہی کارگو سروس بند ہونے سے ملک بھر کے ایئرپورٹس پر گودام پھل، سبزیوں، گوشت اور دیگر چیزوں سے بھر گئے ہیں۔
کسٹمز کلیئرنگ ایجنٹس کے مطابق لاہور ایئرپورٹ ہر روز 200 سے 300 ٹن سامان ایئر کارگو کرتا ہے۔ لاہور، اسلام آباد، کراچی، ملتان، فیصل آباد اور سیالکوٹ سے ایئر کارگو معطل ہونے کے باعث پانچ روز سے ایک بھی شمپنٹ روانہ ہوئی اور نہ ہی وصول ہوئی ہے۔
لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے ڈائریکٹر کارگو کے مطابق جنگ کے بعد سے صرف امریکا، کینیڈا اور یورپ کے کچھ ممالک میں چند شپمنٹس بھیجی جا سکی ہیں اور اس کے لیے بھی ایئر کارگو کمپنیز نے ڈبل ریٹس چارج کیے۔