ابوظہبی میں ڈرون کا ملبہ شہریوں پر گرنے سے پاکستانی سمیت 6 شہری زخمی

واقعے کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی: اماراتی حکام
شائع 05 مارچ 2026 06:10pm

متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں ڈرون کا ملبہ شہریوں پر گرنے کے نتیجے میں پاکستانی سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے۔ اماراتی حکام کے مطابق واقعے کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔

ابوظہبی کی انتظامیہ نے بتایا کہ فضائی دفاعی نظام کی جانب سے ڈرون تباہ کیے جانے کے بعد ملبہ  2 مختلف مقامات پر شہریوں پر جاگرا، جس کے نتیجے میں کم از کم 6 شہری زخمی ہوگئے، جن میں پاکستانی بھی شامل ہے۔

اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ ڈرونز کا ملبہ لگنے سے زخمی ہونے والوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، انہیں معمولی اور درمیانی نوعیت کے زخم آئے ہیں۔

یو اے ای حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کریں اور افواہوں یا غیر مصدقہ خبروں کے پھیلاؤ سے گریز کریں۔

یاد رہے کہ امریکا اور اسرائیل نے 28 فروری کو ایران پر حملوں کا سلسلہ شروع کیا جس میں آیت اللہ خامنہ ای اور ان کے اہل خانہ سمیت وزیر دفاع، آرمی چیف، مشیر قومی سلامتی اور پاسداران انقلاب کے سربراہ شہید ہوگئے، جس کے بعد سے ایران نے خلیجی ممالک میں موجود امریکی فوجی اڈّوں اور تنصیبات کو نشانہ بنانا شروع کیا ہے جس میں اب تک 6 امریکی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔

Read Comments