ٹی 20 ورلڈ کپ دوسرا سیمی فائنل: بھارت انگلینڈ کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے دلچسپ مقابلے کے بعد انگلینڈ کو صرف 7 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز بنائے۔ 15 رنز پر کیچ ڈراپ ہونے کے بعد بھارتی بیٹر سنجو سیمسن نے 89 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
اس کے علاوہ شیوام دوبے نے 43 ، ایشان کشن 39، سوریا کمار یادیو 11، ہاردک پانڈیا 27 اور تلک ورما نے 21 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے ول جیکس اور عادل راشد نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کے تجربہ کار بیٹرز تو خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے، تاہم نوجوان بیٹر جیکب بیتھیل نے 254 رنز کا ہدف بھی اپنی ٹیم کے لیے آسان بنانے کی بھرپور کوشش کی۔ بیتھیل آخری اوور میں 108 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔
خیال رہے کہ بھارتی شہر ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوسرے فائنل میچ میں انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل نے نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا کو شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کا فائنل اتوار کو بھارتی شہر احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔