سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدہ ہے، عمل کریں گے: رانا ثنا اللہ

مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کی آج نیوز کے پروگرام نیوزانسائٹ میں گفتگو
اپ ڈیٹ 05 مارچ 2026 11:16pm

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹررانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی پالیسی کسی جنگ میں شامل ہونا نہیں، تاہم ملک کے دفاع کے لیے ہر قدم اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران پر حملے کی مذمت کر چکا ہے اور مختلف ممالک سے رابطے میں ہے۔

مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے آج نیوز کے پروگرام نیوز انسائٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم غلط کوغلط اور درست کو درست کہنے کی طاقت رکھتے ہیں، ہم نے ایران پر ہونے والے حملے کی مذمت کی ہے اور ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ موجود ہے اور ضرورت پڑنے پر اس پر عمل کیا جائے گا، تاہم پاکستان کا بنیادی مؤقف یہی ہے کہ وہ کسی جنگ کا حصہ نہیں بننا چاہتا۔

مشیرِ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایران، قطر، سعودی عرب اور امریکا سے رابطے میں ہے، کسی بھی جنگ کا حصہ بننا ہماری پالیسی نہیں، دفاع وطن میں ہی ہم کوئی قدم اٹھا سکتے ہیں۔

انھوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز بند ہونے سے دنیا کیلئے مشکلات بڑھیں گی، ہم نے متبادل روٹس پر کام شروع کردیا ہے، موجودہ صورت حال انتہائی پریشان کن ہے، مسائل کا جتنا جلدی ممکن ہو حل ہو جانا چاہئیں۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ہم مسلم ممالک کے درمیان غلط فہمیاں ختم کرنا چاہتے ہیں، ہم ایران کیلئے خیر چاہتے ہیں، چاہتے ہیں جنگ بند ہو، پی ٹی آئی سیاسی جماعتوں کے ساتھ بیٹھنے سے پرہیز کرتی ہے۔

Read Comments