آئی ایم ایف کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں فوری بڑھانے کا مطالبہ

پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 15 مارچ تک 32 روپےفی لیٹر بڑھنے کا خدشہ
اپ ڈیٹ 06 مارچ 2026 01:32pm

عالمی مالیاتی فنڈ نے پاکستان سے عالمی قیمتوں کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل فوری مہنگا کرنے کا مطالبہ کردیا۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ حکومت پیٹرول اور ڈیزل پر کسی قسم کی سبسڈی نہ دے اور قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عوام پر منتقل کیا جائے تاکہ بجٹ اور مالیاتی ہدف متاثر نہ ہو۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے ہدایت دی ہے کہ پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کے حوالے سے 30 جون تک 1468 ارب روپے کے ہدف کو متاثر نہیں ہونا چاہیے۔

پہلے چھ ماہ میں اس لیوی کے تحت 822 ارب روپے جمع ہوئے جبکہ جولائی تا دسمبر 60 فیصد سے زائد آمدنی ریکارڈ کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کنٹرول کرنے کے لیے تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ مذاکرات میں اسکول اور کالجز کو آن لائن کلاسز پر منتقل کرنے، یونیورسٹیز اور سرکاری دفاتر کو اسمارٹ ورکنگ پر منتقل کرنے، دکانوں اور مارکیٹس کے اوقات مقرر کرنے، اور گروسری و ریستوران کے لیے ڈلیوری سروس اختیار کرنے کے اقدامات کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

آئی ایم ایف کی سفارشات کے ساتھ ایک جامع عملدرآمدی منصوبہ بھی پیش کیا جائے گا تاکہ تمام تجاویز پر مؤثر عمل درآمد ممکن ہو سکے۔

حکام نے کہا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم ذخائر تسلی بخش سطح پر موجود ہیں اور فراہمی کے حوالے سے کوئی فوری بحران متوقع نہیں۔

یہ مذاکرات اس وقت ہو رہے ہیں جب حکومت اور آئی ایم ایف مالیاتی اصلاحات اور سبسڈی میں کمی کے حوالے سے حتمی پلان پر اتفاق کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ بجٹ اور معیشت مستحکم رہ سکے۔

Read Comments