ایران کا بحرین میں امریکی بیسز پر حملہ، کئی امریکی اہلکاروں کی ہلاکت کا دعویٰ

اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تاحال تصدیق نہیں ہوسکی ہے
اپ ڈیٹ 06 مارچ 2026 10:54pm

مشرقِ وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال جاری ہے۔ ایران کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ بحرین میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، جبکہ کویت میں بھی ایک زوردار دھماکے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

ایرانی فورس پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بحرین میں امریکی فوجی تنصیبات پر حملہ کیا گیا ہے جس میں متعدد امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔

الجزیرہ کے مطابق اس دعوے کی تاحال تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

بیان میں پاسدارانِ انقلاب کا کہنا تھا کہ ایرانی افواج خطے کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور سرحدوں پر ہونے والی ہر نقل و حرکت کی نگرانی کی جارہی ہے۔

ان کے مطابق اگر ایران کی سرحدوں کے قریب کسی بھی قسم کی فوجی تعیناتی یا کارروائی کی گئی تو اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔

۔

پاسدارانِ انقلاب نے عراق کے خودمختار علاقے کردستان ریجن کی قیادت کو بھی سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ایسی سرگرمی سے گریز کیا جائے جو ایران کی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتی ہو۔

ادھر خبر ایجنسیوں کے مطابق کویت سٹی میں بھی ایک زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی ہے، تاہم دھماکے کی نوعیت اور ممکنہ نقصان کے حوالے سے فوری طور پر کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے بحرین کے رہائشی علاقوں کو نشانہ بناتے ہوئے حملہ آور ڈرون استعمال کیے۔

سینٹکام کے سربراہ بڑیڈ کوپر کے مطابق ایرانی افواج نے جمعرات کی شام بحرین میں رہائشی محلوں کی طرف سات حملہ آور ڈرون فائر کیے۔

بریڈ کوپر نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں الزام عائد کیا کہ ایران مشرقِ وسطیٰ میں جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات ناقابلِ قبول ہیں۔

Read Comments