سلمان خان کے والد سلیم خان کی صحت سے متعلق بڑی خبر آگئی

انہیں 17 فروری کو طبیعت بگڑنے کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
شائع 07 مارچ 2026 10:03am

بولی ووڈ کے سینئر اسکرین رائٹر اور مشہور اداکار سلمان خان کے والد سلیم خان کی صحت کے حوالے سے حوصلہ افزا خبر سامنے آئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ان کی طبیعت پہلے سے بہتر ہو رہی ہے اور وہ تیزی سے صحت یابی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 90 سالہ سلیم خان کو 17 فروری کو ہائی بلڈ پریشر اور طبیعت بگڑنے کے بعد ممبئی کے لیلاوتی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

ابتدائی معائنے کے دوران ڈاکٹروں نے بتایا کہ انہیں معمولی نوعیت کا برین ہیمریج ہوا ہے، جس کے بعد فوری طور پر طبی کارروائی کی گئی۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ معروف بھارتی شاعر اور اسکرین رائٹر جاوید اختر نے حال ہی میں دہلی میں ایک کتاب کی رونمائی کے دوران میڈیا کو بتایا کہ سلیم خان کی طبیعت میں اب کافی بہتری آ چکی ہے۔ ان کے مطابق وہ اب کرسی پر بیٹھ سکتے ہیں اور گفتگو بھی کر رہے ہیں۔

اس دوران جاوید اختر خود بھی اسپتال جا کر اپنے دوست کی عیادت کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ کئی معروف بولی ووڈ شخصیات بھی سلیم خان کی خیریت دریافت کرنے اسپتال پہنچیں، جن میں سنجے دت، شاہ رخ خان، عامرخان اور رنویر سنگھ شامل ہیں۔

اس سے قبل عامر خان نے بھی ایک تقریب میں بتایا تھا کہ وہ سلیم خان کی عیادت کے لیے اسپتال گئے تھے۔ اگرچہ ان کی سلیم خان سے براہِ راست ملاقات نہیں ہو سکی، تاہم خاندان کے افراد نے انہیں بتایا کہ سلیم خان کی حالت اب بہتر ہو رہی ہے اور سب ان کی جلد مکمل صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔

اداکارہ ڈیزی شاہ نے بھی ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ سلیم خان سے تو نہیں مل سکیں لیکن ان کا رابطہ سلمان خان سے ہے اور انہیں بتایا گیا ہے کہ سلیم خان اب خطرے سے باہر ہیں۔

واضح رہے کہ جب سلیم خان کو اسپتال میں داخل کیا گیا تو ڈاکٹروں نے میڈیا کو بتایا تھا کہ انہیں شدید جھٹکے اور ہائی بلڈ پریشر کے باعث وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔ تاہم بعد میں سلمان خان اور ان کے اہلِ خانہ نے بغیر اجازت اس بیان کے جاری ہونے پر ناراضی کا اظہار کیا اور کہا کہ آئندہ سلیم خان کی صحت سے متعلق معلومات صرف خاندان کی جانب سے ہی دی جائیں گی۔

اس کے بعد سے اسپتال انتظامیہ یا ڈاکٹروں کی جانب سے کوئی نئی تفصیل جاری نہیں کی گئی، جبکہ مداح اور شوبز شخصیات سلیم خان کی مکمل صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔

دوسری جانب سلیم خان کی صحت بہتر ہونے کے بعد سلمان خان نے بھی دوبارہ اپنی فلم ’بیٹل آف گلوان‘ کی شوٹنگ شروع کر دی ہے۔ شوٹنگ اس وقت روک دی گئی تھی جب سلمان خان اپنے والد کے ساتھ اسپتال میں موجود تھے۔ حال ہی میں سیٹ سے ان کی ایک تصویر بھی سامنے آئی جس میں وہ مداحوں کے ساتھ نظر آ رہے ہیں۔

Read Comments