پیشگی منصوبہ بندی نہ ہوتی تو پیٹرول 375 روپے فی لیٹر ہوتا: خواجہ آصف

موجودہ حالات کے باوجود حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں صرف محدود اضافہ کیا ہے: وزیرِ دفاع
شائع 07 مارچ 2026 09:42pm

وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدہ صورتحال کے باعث عالمی معیشت شدید دباؤ کا شکار ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی سطح پر بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ موجودہ حالات کے باوجود حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں صرف محدود اضافہ کیا ہے، جس کے لیے پیشگی منصوبہ بندی اور سخت محنت کرنا پڑی۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت بروقت اقدامات نہ کرتی تو پیٹرول کی قیمت 375 روپے فی لیٹر تک پہنچ سکتی تھی۔

وفاقی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث کئی ممالک کو شدید معاشی دباؤ کا سامنا ہے، تاہم حکومت نے عوام پر بوجھ کم رکھنے کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں قوم کو اتحاد اور بصیرت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ امتِ مسلمہ کو دوست اور دشمن میں تمیز کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور امت کو اپنا قبلہ درست کرنے کی ہمت دے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مشکل حالات کے باوجود حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے اور معیشت کو مستحکم رکھا جائے۔

واضح رہے گزشتہ روز نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں موجود وزیر مملکت برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 55، 55 روپے کے اضافے کا اعلان کیا تھا۔

Read Comments