سعودی عرب کا شیبہ آئل فیلڈ اور فضائی اڈے پر ایرانی حملے ناکام بنانے کا دعویٰ

پرنس سلطان ایئر بیس اور دارالحکومت ریاض میں بیلسٹک میزائل مار گرائے
اپ ڈیٹ 08 مارچ 2026 09:49am

سعودی عرب نے شیبہ آئل فیلڈ اور دارالحکومت ریاض، ڈپلومیٹک کوارٹر پر حملے ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

سعودی اخبار ’سعودی گزٹ‘ کے مطابق وزارت دفاع کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے ریاض کے ڈپلومیٹک کوارٹر کو نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والے ایک ڈرون کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈرون مار گرائے جانے کے بعد کسی قسم کے جانی نقصان یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

حکام کے مطابق یہ ریاض کے ڈپلومیٹک کوارٹر کو نشانہ بنانے کی دوسری کوشش تھی۔ اس سے قبل بھی ایرانی حملے میں دو ڈرون کے ذریعے ریاض میں قائم امریکی سفارت خانے کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں عمارت میں معمولی آگ لگی اور محدود نقصان ہوا تھا۔

ترجمان نے ایک الگ بیان میں کہا کہ ریاض شہر کو نشانہ بنانے کے لیے بھیجے گئے چھ ڈرونز کو بھی فضائی دفاعی نظام نے فضا میں ہی تباہ کر دیا۔ یہ ڈرون شہر کے اوپر پہنچنے سے پہلے ہی مار گرائے گئے۔

میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق ریاض کے مشرقی علاقے میں مزید چار ڈرونز کو بھی روک کر تباہ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک اور ڈرون کو خالی صحرا کے علاقے ’ربع الخالی‘ میں اس وقت مار گرایا گیا جب وہ شیبہ آئل فیلڈ کی طرف بڑھ رہا تھا۔

وزارت دفاع کے مطابق یہ آئل فیلڈ روزانہ تقریباً دس لاکھ بیرل تیل پیدا کرتا ہے، ترجمان نے مزید کہا کہ ایک بیلسٹک میزائل کو بھی ناکام بنایا گیا جو پرنس سلطان ایئر بیس کی جانب جا رہا تھا۔

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ فضائی دفاعی نظام مسلسل الرٹ ہے اور اہم شہری و صنعتی تنصیبات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حالیہ دنوں میں خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں سکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔

Read Comments