قطر: سوشل میڈیا پر غلط معلومات پھیلانے کے الزام میں 313 افراد گرفتار

قطری وزارتِ داخلہ کی عوام سے سیکیورٹی واقعات کی ویڈیوز نہ بنانے اور صرف تصدیق شدہ ذرائع پر بھروسہ کرنے کی اپیل
شائع 09 مارچ 2026 10:48am

قطر کی وزارتِ داخلہ نے سوشل میڈیا کے غلط استعمال کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے 313 افراد کو گرفتار کیا ہے۔

قطری وزارتِ داخلہ کے مطابق ان افراد کو سائبر کرائمز کی روک تھام کے لیے قائم ادارے نے گمراہ کُن معلومات اور افواہیں پھیلانے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔

حکام کے مطابق گرفتار افراد نے غیر مجاز ویڈیو کلپس بنا کر انہیں سوشل میڈیا پر پھیلایا، گمراہ کُن معلومات، افواہیں اور وہ مواد سوشل میڈیا پر شیئر کیا جس کا مقصد عوام میں تشویش اور بے چینی پیدا کرنا تھا، یہ سرکاری ہدایات کی خلاف ورزی ہے۔

وزارتِ داخلہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ معلومات کے حصول کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر انحصار کیا جائے اور ایسی کسی بھی معلومات یا مواد کو شیئر نہ کیا جائے جس میں گمراہ کن معلومات شامل ہوں یا جو عوامی رائے کو اشتعال دلا سکتا ہو۔

وزارت نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورت حال سے متعلق کسی بھی قسم کی ویڈیوز بنانے، شیئر کرنے یا افواہیں پھیلانے سے گریز کی جائے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

Read Comments