خطے میں کشیدہ صورتِ حال کے باعث وزیرِاعظم کا کفایت شعاری اقدامات کا اعلان

اگلے چند دنوں میں تیل کی قیمتیں پھر بڑھیں گی، وزیراعظم شہباز شریف کا قوم سے خطاب
اپ ڈیٹ 09 مارچ 2026 10:10pm

وزیرِاعظم شہباز شریف نے خطے کی موجودہ صورتِ حال پر قوم سے خطاب میں کفایت شعاری اقدامات کا اعلان کر دیا، آئندہ دو ماہ کے لیے سرکاری محکموں کی گاڑیوں کو ملنے والے ایندھن میں 50 فیصد کمی کی جا رہی ہے جس سے ایمبولینسز اور ٹرانسپورٹ مستثنیٰ ہوں گی۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئندہ دو ماہ کے لیے تمام سرکاری محکموں کی 60 فی صد سرکاری گاڑیاں گراؤنڈ کی جا رہی ہیں، جب کہ کابینہ کے تمام وزرا، مشیر، معاونین رضاکارانہ طورپر2 ماہ کی تنخواہ اور الاؤنسزچھوڑیں گے، اسی طرح ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں بھی 25 فیصد کٹوٹی کی جارہی ہے۔

وزیراعظم کے مطابق تمام محکموں کے تنخواہوں کے علاوہ اخراجات میں 20 فیصد کٹوتی اور دفاتر میں اشیا کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔ گریڈ 20 اور اس سے اوپر کے افسران کی تنخواہ سے دو دن کی کٹوتی کرکے عوامی ریلیف کے لیے استعمال کی جائے گی۔

انھوں نے اعلان کیا کہ سرکاری افسران، مشیران اور وفاقی وزرا کے بیرون ملک دوروں پر پابندی عائد کردی گئی ہے جب کہ گورنرز پربھی بیرون ملک دوروں پر پابندی ہوگی۔ تاہم یہ پابندی ملکی مفاد کے دوروں پر لاگو نہیں ہوگی۔ وزیراعظم کے مطابق سرکاری عشائیے اورافطار پارٹیوں پر بھی مکمل پابندی ہوگی، سرکاری اخراجات میں کمی کے لیے سیمینار ہوٹلوں کے بجائے سرکاری مقامات پر ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سرکاری اور نجی شعبے میں انتہائی ضروری سروسز کو چھوڑ کر 50 فی صد اسٹاف کام کرے گا۔ ہفتے میں صرف چار دن دفاتر کھلیں گے اور ہفتے میں ایک دن اضافی چھٹی دی جائے گی، اس کا اطلاق بینکوں پر نہیں ہوگا۔ فوری طور پر تمام اسکولوں کو دو ہفتوں کی چھٹیاں دی جارہی ہیں جب کہ ہائر تعلیمی اداروں میں آن لائن کلاسز کا اجرا کیا جا رہا ہے۔

انھوں نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ ایران پر ہونے والے اسرائیلی حملوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ اب حملوں میں ایرانی سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای اور ان کے اہل خانہ کی شہادت پر پاکستان گہرے دکھ کا اظہار کرتا ہے، وزیرِاعظم شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب، کویت، قطر، بحرین اور دیگر ملکوں پر حملوں کی بھی مذمت کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ خلیجی ملکوں پر حملوں سے خطے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہیں، پاکستان آزمائش کی گھڑی میں ان برادر ملکوں کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑا ہے، پاکستان ان ملکوں کی سلامتی کو اپنی سلامتی کا حصہ سمجھتا ہے۔ ہمیں مغربی سرحد پر خطرے کا سامنا ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سربراہی میں ملک کی حفاظت جاری ہے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 60 سے بڑھ کر 100 ڈالرز سے تجاوز کرچکی ہے، ہماری معیشت کا انحصار خلیج سے آنے والے تیل اور گیس پر ہے۔ موجودہ عالمی صورتِ حال کو دیکھتے ہوئے پاکستان نے مشکل فیصلے کیے ہیں، عالمی منڈی میں تیل اور گیس کی قیمتوں کا تعین پاکستان کے اختیار میں نہیں ہے، حکومت نے توانائی بحران کم کرنے کے لیے مشکل فیصلے کیے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ حکومت ہر ممکن کوشش کررہی ہے کہ مشکل حالات کے باوجود معیشت کو مستحکم رکھا جائے، تیل کی قیمتوں میں اضافہ مشکل اور دل پر پتھر رکھ کر کیا گیا۔ مجھے مصنوعات میں کہیں زیادہ اضافے کی تجویز دی گئی، میں نے اس میں سے درمیانی راستہ نکال کر اضافہ کیا، جنگ کے منفی اثرات توانائی کی قیمتوں پر پڑتے ہیں، اگلے چند دنوں میں تیل کی قیمتیں پھر بڑھیں گی، ان میں اضافہ ناگزیر ہوگا، کوشش ہوگی آئندہ اضافے کا بوجھ آپ پر نہ پڑے۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم نے ملک کی صاحبِ حیثیت اور اشرافیہ سے بھی اپیل کی کہ وہ آگے بڑھ کر مشکل وقت میں قوم کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ خوفِ خدا رکھنے والے لوگ دکھی انسانیت کا ہاتھ تھامتے ہیں اور رزق حلال کمانے والے پاکستانی ہمیشہ ملک کے لیے قربانیاں دیتے آئے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ نے چاہا تو حکومت قوم کو مایوس نہیں کرے گی اور معیشت کے استحکام کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ انھوں نے تمام صوبوں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ موجودہ صورت حال سے کوئی ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش نہ کرے، بصورت دیگر قانون کا آہنی ہاتھ حرکت میں آئے گا۔

Read Comments