فلم ’ویر زارا‘ کی آفر کیوں ٹھکرا دی تھی؟ نادیہ جمیل کا انکشاف
پاکستان کی معروف اداکارہ اور سماجی کارکن نادیہ جمیل نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اپنی زندگی کا ایک دلچسپ اور اہم واقعہ شیئر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ماضی میں انہیں بولی ووڈ کی مشہور فلم ’ویر زارا‘ میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی تھی، تاہم انہوں نے اسے ریجیکٹ کردیا۔
نادیہ جمیل ایک رمضان ٹرانسمیشن میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر انہوں نے ماں بننے کے تجربے اور اپنی ذاتی ترجیحات کے بارے میں گفتگو کی۔
اسی دوران انہوں نے انکشاف کیا کہ جب انہیں فلم ’ویر زارا‘ کے ہدایتکار یش چوپڑا کی طرف سےآفر دی گئی تو اس وقت ان کی شادی ہو چکی تھی، لیکن وہ حاملہ نہیں تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں جب فلم کی شوٹنگ شروع ہوئی اور کام کے لیے ان سے دوبارہ رابطہ کیا گیا تو اس وقت ان کے ہاں پہلا بچہ پیدا ہو چکا تھا اور وہ صرف تین ماہ کا تھا۔
اداکارہ کے مطابق فلم میں کام کرنا تقریباً طے ہو چکا تھا اور ان کے اہلِ خانہ بھی اس موقع کے حق میں تھے۔
نادیہ جمیل کے مطابق ان کی والدہ نے یہاں تک کہا کہ شوٹنگ کے دوران وہ ان کے ساتھ رہیں گی تاکہ بچے کی دیکھ بھال میں مدد مل سکے۔ نادیہ جمیل کے شوہر نے بھی انہیں اس آفر کو قبول کرنے کا مشورہ دیا۔
نادیہ جمیل کا کہنا تھا کہ اس وقت ان کے سامنے دو راستے تھے: یا تو وہ اپنے کیریئر کو ترجیح دیتیں یا پھر ایک اچھی ماں کے طور پر اپنی ذمہ داری کو۔ ان کے مطابق انہیں اپنے بیٹے سے اس قدر محبت تھی کہ اس کے سامنے کیریئر کی اہمیت کم محسوس ہونے لگی۔
انہوں نے کہا کہ ان کا ننھا بچہ اس وقت ان کی توجہ اور موجودگی کا زیادہ حق دار تھا اور وہ اسے اتنی کم عمری میں اکیلا چھوڑ کر کام پر نہیں جانا چاہتی تھیں۔ اسی لیے انہوں نے اپنے کیریئر کے بجائے اپنے نومولود بچے کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا۔
نادیہ جمیل کے مطابق یش چوپڑا نے بھی انہیں خبردار کیا کہ اس طرح کا فیصلہ ان کے کیریئر کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے، لیکن ان کے نزدیک ان کا بچہ اور خاندان ہمیشہ پہلی ترجیح رہے ہیں۔
نادیہ جمیل نے انکشاف کیا کہ انہیں کبھی بھی اداکاری سے شغف نہیں رہا ہے بلکہ انہیں جو چیز اپنی جانب کھینچتی ہے وہ ’بچے‘ ہیں۔
نادیہ جمیل کے اس فیصلے کو سوشل میڈیا پر بھی کافی سراہا جا رہا ہے اور بہت سے لوگ اسے ماں کی محبت اور قربانی کی خوبصورت مثال قرار دے رہے ہیں۔