پی ایس ایل 11 کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا

ایونٹ کا آغاز  26 مارچ سے ہوگا جب کہ فائنل 3 مئی کو کھیلا جائے گا جب کہ ایونٹ میں کل 44 میچز کھیلے جائیں گے
شائع 10 مارچ 2026 06:01pm

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 11 کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق ایونٹ کا آغاز  26 مارچ سے ہوگا جب کہ فائنل 3 مئی کو کھیلا جائے گا جب کہ ایونٹ میں کل 44 میچز کھیلے جائیں گے۔

شیڈول کے مطابق پی ایس ایل 11 میں پہلی بار 8 ٹیمیں شرکت کریں گی جب کہ دو نئی فرنچائزز بھی لیگ کا حصہ ہوں گی، حیدرآباد کنگز مین اور راولپنڈی پنڈیز لیگ میں شامل ہونے والی نئی ٹیمیں ہیں، جس کے بعد ایونٹ میں ٹیموں کی تعداد بڑھ کر آٹھ ہو گئی ہے۔

پی ایس ایل 11 کے میچز ملک کے 6 مختلف شہروں میں کھیلے جائیں گے، جن میں لاہور، کراچی، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد اور پشاور شامل ہیں جب کہ فیصل آباد کا اقبال اسٹیڈیم اور پشاور کا عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم پہلی بار پی ایس ایل کے میچز میزبانی کرے گا۔

شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ 26 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، ہر ٹیم لیگ مرحلے میں 10،10 میچز کھیلے گی جب کہ پلے آف مرحلہ 28 اپریل سے شروع ہوگا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 11 میچز کھیلے جائیں گے، جن میں ایک کوالیفائر بھی شامل ہوگا جب کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مجموعی طور پر 15 میچز شیڈول کیے گئے ہیں۔

اسی طرح فیصل آباد میں پہلی بار پی ایس ایل کے 7 میچز کھیلے جائیں گے جب کہ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں 4 میچز ہوں گے اور ان تمام میچز میں ملتان سلطانز ایکشن میں ہوں گی۔

مزید برآں نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل کے 6 میچز کھیلے جائیں گے جب کہ پورے ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 12 ڈبل ہیڈرز بھی شیڈول کیے گئے ہیں۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے لیے میڈیا ایکریڈیٹیشن کا عمل شروع کر دیا گیاہے جس کی آ آخری تاریخ 13 مارچ ہو گی ۔

Read Comments