کاشف ضمیر کے سنجے دت کے لیے قیمتی تحائف
پاکستان کی معروف اور متنازع کاروباری شخصیت، ڈیجیٹل کریئیٹر اور ٹک ٹاکر کاشف ضمیر ایک بار پھر سرخیوں میں ہیں۔ اس بار انہوں نے بولی ووڈ اسٹار سنجے دت کو دبئی میں قیمتی تحائف دیے، جس کی ویڈیوز نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے۔
کاشف ضمیر نے سنجے دت کو گولڈ پلیٹڈ کسٹمائزڈ آئی فون17 تحفے میں دیا اور ان کی اہلیہ کو ایک قیمتی جیولری سیٹ بھی پیش کیا، جس کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ خاص طور پر پاکستان کے شاہی خاندان کے لیے بنایا گیا ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں شخصیات کافی خوش دکھائی دیں اور انہوں نے ایک ساتھ کافی بھی پی۔
ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کاشف ضمیر نے سنجے دت کو گلے لگایا اور چہرے پر بوسہ بھی دیا۔ تاہم، اس موقع پر سنجے دت نے ان تحائف کو صرف رسمی طور پر قبول کیا اور کہا کہ یہ ضروری نہیں تھے۔
اس ملاقات کی ویڈیوز میں ایک ویڈیو نے 6.1 ملین سے زائد ویوز حاصل کیے، جس سے کاشف ضمیر کی شہرت مزید بڑھ گئی۔
سوشل میڈیا پر مداحوں کی رائے مختلف رہی۔ کچھ نے کاشف ضمیر کی تعریف کی، جبکہ کچھ نے انہیں ان کے گزشتہ اسکیمز اور ترکی کے مشہور اداکار انگین آلتان (ارطغرل غازی) کے ساتھ مبینہ دھوکہ دہی کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا۔
ایک صارف نے لکھا، ”بابا جواہرات کی اصلیت چیک کرلیں۔“
کسی نے کہا، ”شاید وہ تحائف دے رہا ہے تاکہ سنجے دت پاکستان آئیں۔“
مداحوں کی اکثریت سنجے دت کی عاجزی اور شائستگی کی تعریف کر رہی ہے، اور لکھا جا رہا ہے کہ ”سنجے دت ایک معزز شخصیت ہیں اور ہم ان کے بڑے فینز ہیں۔“
یہ ملاقات اور تحائف نہ صرف سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گئے ہیں بلکہ کاشف ضمیر کی مہنگی زندگی اور اسٹائل کے حوالے سے بھی دوبارہ خبروں میں لائے ہیں۔
یاد رہے کہ میاں کاشف ضمیر اپنے گولڈ کلیکشن کے لیے بھی جانے جاتے ہیں اور انہیں سونے کی بھاری چین اور گھر میں شیر پالنے والے کے حوالے سے بھی جانا جاتا ہے۔ وہ ماضی میں ترک اداکار انگین آلتان (ارطغرل غازی) کے ساتھ تنازعات اور رجب بٹ کی شادی میں مہنگے تحائف دینے کی وجہ سے بھی خبروں میں رہے ہیں۔