عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے جس کے باعث قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق سنگاپور میں ہونے والی تجارتی سرگرمیوں کے دوران خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان سامنے آیا ہے۔
عالمی منڈی میں لندن برینٹ کروڈ کی قیمت میں 25 سینٹس فی بیرل کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد برینٹ کروڈ کی قیمت کم ہو کر 100.21 ڈالر فی بیرل پر آ گئی۔
اسی طرح امریکی خام تیل کی قیمت میں بھی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
امریکی خام تیل 52 سینٹس فی بیرل سستا ہو گیا جس کے بعد اس کی قیمت 95.21 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق خلیجی ممالک کی جانب سے تیل کی پیداوار میں کمی اور خلیج میں آئل ٹینکروں کی آمدورفت متاثر ہونے کے باعث عالمی معیار کے خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کے بعد سے تیل کی قیمتوں میں 40 سے 50 فیصد تک اضافہ ہو چکا ہے، جس سے عالمی معاشی ترقی متاثر ہونے اور مہنگائی میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
عالمی تیل کی ترسیل کے لیے نہایت اہم سمندری گزرگاہ آبنائے ہرمز عملی طور پر بند ہے، جس کے باعث سپلائی کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔