سن رائزرز حیدرآباد کی شریک مالکن کاویا مارن کون ہیں؟
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائز سن رائزرز حیدرآباد کی چیف ایگزیکٹو آفسیر (سی ای او) اور شریک مالک کاویا مارن ان دنوں شدید تنقید کی زد میں ہیں اور ان سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ وہ پاکستانی کرکٹر ابرار احمد کو دی ہنڈریڈ لیگ میں شامل کرنے کا اپنا فیصلہ واپس لیں۔
کاویا مارن نے 12 مارچ کو لندن میں دی ہنڈریڈ لیگ میں کھلاڑیوں کی نیلامی کے دوران پاکستانی اسپنر ابرار احمد کو 1 لاکھ 90 ہزار پاؤنڈ (تقریباً 7 کروڑ 12 لاکھ پاکستانی روپے) میں اپنی ٹیم کا حصہ بنایا تھا۔
جس کے بعد بھارتی سوشل میڈیا پر فرنچائز کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور بعض بھارتی صارفین نے آئی پی ایل میں سن رائزرز حیدرآباد کے بائیکاٹ کا مطالبہ بھی کیا جب کہ ابرار احمد کو ٹیم میں شامل کرنے کے بعد بھارتی فرنچائز سن رائزرز لیڈز کا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ معطل کر دیا گیا ہے۔
کاویا مارن کی زندگی پر ایک نظر
کاویا مارن حالیہ برسوں میں کرکٹ شائقین کے درمیان خاصی مقبولیت حاصل کر چکی ہیں۔ آئی پی ایل نیلامی اور میچز کے دوران ان کی موجودگی کے باعث وہ لیگ کی نمایاں کاروباری شخصیات میں شمار کی جانے لگی ہیں۔
کاویہ مارن 6 اگست 1992 کو بھارتی شہر چنئی میں پیدا ہوئیں اور ان کا تعلق بھارت کے بااثر مارن خاندان سے ہے جو کاروبار اور سیاست دونوں شعبوں میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے جب کہ ان کے والد کلانیتھی مارن سن گروپ کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر ہیں، جو بھارت کے بڑے میڈیا گروپس میں شمار ہوتا ہے۔
فوربس کے مطابق کلانیتھی مارن کی مجموعی دولت تقریباً 2.3 ارب ڈالر بتائی جاتی ہے۔ کاویا مارن کی والدہ کاویری مارن سن ٹی وی نیٹ ورک کی چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیں اور انہیں بھارت کی اعلیٰ معاوضہ لینے والی خواتین ایگزیکٹوز میں شمار کیا جاتا ہے جب کہ ان کے خاندان کا تعلق سیاست سے بھی جوڑا جاتا ہے۔
تعلیم کے حوالے سے کاویا مارن نے چنئی کے اسٹیلا میرس کالج سے گریجویشن مکمل کیا۔ بعد ازاں برطانیہ کے وارک بزنس اسکول سے ایم بی اے کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ان کی کاروباری تعلیم نے انہیں کمپنی کے امور سنبھالنے میں مدد فراہم کی۔
رپورٹس کے مطابق کاویا مارن نے 2018 میں سن رائزرز حیدرآباد کی سی ای او کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالیں۔ اس وقت ان کی عمر تقریباً 26 برس تھی۔ اس کے بعد سے وہ ٹیم کے اہم فیصلوں، آئی پی ایل نیلامی، کھلاڑیوں کی خریداری، معاہدوں اور دیگر انتظامی امور میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔
سن ٹی وی نیٹ ورک نے 2012 میں ”ڈکن چارجرز“ فرنچائز کے خاتمے کے بعد سن رائزرز حیدرآباد کو سالانہ 85.05 کروڑ بھارتی روپے میں خریدا تھا، اگرچہ کاویا مارن کے حصص کی درست تفصیلات سامنے نہیں آئیں تاہم ٹیم کے انتظامی معاملات میں ان کا کردار اہم سمجھا جاتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کاویا مارن کی ذاتی دولت تقریباً 400 سے 409 کروڑ بھارتی روپے کے درمیان بتائی جاتی ہے جب کہ مارن خاندان کی مجموعی دولت تقریباً 19 ہزار کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔ رپورٹس کے مطابق انہوں نے دیگر کرکٹ لیگز میں بھی سرمایہ کاری کی ہے، جن میں سن رائزرز ایسٹرن کیپ شامل ہے۔
کرکٹ سے گہری دلچسپی رکھنے والی کاویہ مارن اکثر آئی پی ایل میچز کے دوران اسٹیڈیم میں اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتی نظر آتی ہیں، اسی وجہ سے وہ کرکٹ شائقین کے درمیان بھی ایک پہچانا ہوا نام بن چکی ہیں۔
ان کی نجی زندگی کے حوالے سے اب تک کسی تعلق یا شادی کے بارے میں کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔ رپورٹس کے مطابق وہ اپنی ذاتی زندگی کو میڈیا کی توجہ سے دور رکھتی ہیں۔
یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ کاویا مارن کا کوئی باضابطہ تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ موجود نہیں تاہم سن رائزرز حیدرآباد کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وہ اکثر ٹیم کے میچز اور تقریبات کے دوران نظر آتی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 2025 میں جی کیو میگزین نے کاویہ مارن کو بھارت کے “35 بااثر نوجوان افراد” کی فہرست میں بھی شامل کیا تھا۔