نادرا کی جعلی ویب سائٹس کے بارے میں ادارے نے شہریوں کو خبردار کر دیا
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو ادارے کی جعلی ویب سائٹس کی نشاندہی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی دھوکے سے بچنے کے لئے نادرا کی صرف سرکاری ویب سائٹ استعمال کی جائے۔
نادرا نے ایک جعلی ویزا پورٹل کی نشاندہی کی ہے جس کا لنک یہ ہے https://www.visa.nadragov.online۔
ادارے کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ یہ ویب سائٹ نادرا سے کسی بھی طرح منسلک نہیں اور ممکن ہے کہ صارفین کی ذاتی معلومات اور مالیاتی ڈیٹا حاصل کرنے کے لیے استعمال ہو سکتی ہیں۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس جعلی ویب سائٹ تک رسائی نہ کریں اور اپنی معلومات فراہم کرنے سے گریز کریں۔
نادرا کا سرکاری ویزا پورٹل صرف اس لنک پر دستیاب ہے: https://visa.nadra.gov.pk/۔
نادرا نے شہریوں کو یاد دہانی کرائی کہ ادارے کی تمام خدمات ہمیشہ .gov.pk پر ختم ہونے والی سرکاری ویب سائٹس کے ذریعے ہی استعمال کی جائیں۔
اسی دوران، نیشنل سائبر ایمرجنسی ٹیم نے بھی شہریوں کے لیے نئی ایڈوائزری جاری کی ہے۔ اس کے مطابق گزشتہ ایک ماہ میں 9 جعلی نادرا طرز کی ویب سائٹس کو بلاک کیا گیا، جو شہریوں کی ذاتی معلومات چوری کر رہی تھیں۔
ایڈوائزری میں شہریوں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ بغیر تصدیق کے ذاتی معلومات کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں اور مشکوک ای میل یا ایس ایم ایس لنکس پر کلک نہ کریں۔
نادرا اور این سرٹ دونوں گمراہ کن سائبر سرگرمیوں کے خلاف فعال ہیں۔