اکشے کھنہ کے ساتھ کام سے کیوں گریز کرتی تھی؟ فرح خان نے وجہ بتادی

اکشے کھنہ نے فلم 'دھرندھر' میں گینگسٹر کے کردار میں خوب شہرت حاصل کی ہے۔
شائع 15 مارچ 2026 01:32pm

بولی ووڈ فلمساز اور کوریوگرافر فرح خان نے انکشاف کیا کہ ایک وقت ایسا بھی تھا جب وہ جان بوجھ کر اکشے کھنہ کے ساتھ کام کرنے سے گریز کرتی تھیں، لیکن سالوں بعد ان کی رائے بدل گئی۔

فرح خان نے یہ بات یوٹیوب پر رنویر الہٰ بادیا کے پوڈکاسٹ میں شیئر کی۔ انہوں نے یاد کیا کہ 90 کی دہائی میں اکشے کے ساتھ کچھ فلموں پر کام کے دوران تجربہ مشکل تھا۔

انہوں نے کہا، ’میں نے اس وقت اکشے کے ساتھ دو تین فلمیں کیں اور اس کے بعد میں تھوڑی ڈر گئی۔ وہ اس وقت مختلف انسان تھے، اندر سے خاموش لیکن سیٹ پر خوش مزاج نہیں۔ جب بھی مجھے معلوم ہوتا کہ اکشے کھنہ کسی فلم میں ہیں، میں کہتی تھی، ’میرے پاس ڈیٹس نہیں ہیں‘۔‘

فرح نے بتایا کہ اس دوران اکشے خود بال گرنے کے مسئلے سے پریشان تھے اور اکثر چڑچڑے رہتے تھے۔ وہ چیزیں پھینکتے اور کہہ دیتے، ’یہ ڈائیلاگ کس قسم کا ہے؟‘۔

فرح خان کے مطابق حالات میں وہ تبدیلی اس وقت آئی جب انہوں نے اپنے کزن فرحان اختر کی ہدایت میں بننے والی فلم ’دل چاہتا ہے‘ میں کام کیا۔ اس دوران اکشے کھنہ زیادہ پر سکون اور پروفیشنل دکھائی دیے۔

فرح خان نے بتایا، ’اس وقت وہ مکمل بدل چکے تھے۔ بالوں کی پریشانی بھی ختم ہو گئی تھی اور وہ بہت پرسکون ہو گئے تھے۔ ’دل چاہتا ہے‘ میں خود دیکھیں، وہ بہت آرام سے کام کر رہے تھے اور ڈانسنگ میں بھی بہترین۔ ‘کوئی کہے کہتا رہے‘ میں ان کا ڈانس عامر اور سیف سے بہتر تھا۔‘

فرح نے یہ بھی بتایا کہ اب وہ اکشے کھنہ کے ساتھ دوستانہ تعلقات رکھتی ہیں۔ انہوں نے اکشے کھنہ کی تازہ ترین فلم دیکھنے کے بعد فون کر کے مبارکباد دی اور بعد میں علی باغ میں ان کے گھر ملاقات بھی کی۔

اکشے کھنہ نے حال ہی میں فلم ’دھرندھر‘ میں گینگسٹر رحمان ڈکیت کا کردار ادا کر کے مداحوں کی توجہ حاصل کی ہے۔ فلم میں رنویر سنگھ، ارجن رامپال، سنجے دت اور آرمدھون اہم کرداروں میں شامل ہیں۔

اکشے کے ڈانس انٹری کے مناظر خاص طور پر وائرل ہوئے اور فلم کی کامیابی کے بعد سیکوئل ’دھرندھر: دی ریوینج‘ 19 مارچ کو ریلیز ہونے والی ہے۔

Read Comments