ریاض میں 4 ڈرون مار گرائے گئے: سعودی وزارت دفاع کا دعویٰ
سعودی عرب کی وزارتِ دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ ریاض کے میٹروپولیٹن علاقے میں آنے والے چار ڈرونز کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے فضا میں ہی مار گرایا گیا۔
سعودی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے چار ڈرونز کو فضائی دفاعی نظام نے نشانہ بنا کر تباہ کر دیا ہے۔
وزارتِ دفاع کے مطابق ڈرونز کو ریاض کے میٹروپولیٹن علاقے میں روک کر تباہ کیا گیا تاہم فوری طور پر کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
رپورٹس کے مطابق 28 فروری کو ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ شروع ہونے کے بعد سے سعودی عرب پر ایرانی ڈرونز اور میزائلوں کے متعدد حملے کیے جا چکے ہیں۔
ان حملوں میں اہم توانائی کے انفراسٹرکچر، امریکی مفادات، فوجی تنصیبات اور شہری علاقوں کو نشانہ بنایا گیا جب کہ حملوں کے نتیجے میں اب تک کم از کم 2 افراد ہلاک جب کہ 12 دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔