سانحہ گل پلازا: ٹریفک جام اور تعمیراتی کام آگ پر قابو پانے میں رکاوٹ بنے: واٹر کارپوریشن

سی ای او واٹر کارپوریشن نے سانحہ گل پلازا سے متعلق جوڈیشل کمیشن کو سوال نامے کا جواب جمع کرا دیا۔
اپ ڈیٹ 16 مارچ 2026 02:08pm

سانحہ گل پلازا کے جوڈیشل کمیشن میں واٹر کارپوریشن نے آگ پر قابو پانے کی کارروائی کی تفصیلات فراہم کیں، جس میں ہائیڈرنٹس کے ذریعے پانی کی فوری فراہمی اور ایمرجنسی اقدامات شامل تھے۔ رپورٹ میں جائے وقوعہ تک فاصلے، ٹریفک اور تعمیری کام کی وجہ سے مشکلات بھی بتائی گئی ہیں۔

سانحہ گل پلازا کے حوالے سے بنائی گئی جوڈیشل کمیشن کی کارروائی جاری ہے، جس کے دوران سی ای او واٹر کارپوریشن نے سوال نامے کا جواب جمع کروا دیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جائے وقوعہ تک فاصلہ، تعمیری کام اور ٹریفک کی وجہ سے آتشزدگی پر قابو پانے میں مشکلات پیش آئیں۔

رپورٹ کے مطابق آتشزدگی کے بعد آپریشن میں سات ہائیڈرنٹس سے پانی فراہم کیا گیا۔ واٹر کارپوریشن کو آگ کی اطلاع 11 بج کر 13 منٹ پر موصول ہوئی، جس کے فوراً بعد ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کرکے واٹر باوزرز روانہ کیے گئے۔

آگ کی شدت میں اضافے کے بعد دیگر ہائیڈرنٹس سے بھی پانی کے باوزرز طلب کیے گئے اور رات 11 بج کر 56 منٹ سے مسلسل پانی کی فراہمی جاری رکھی گئی۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ فائر ہائیڈرنٹس کی فعالیت اور پانی کے پریشر کا معاملہ واٹر کارپوریشن کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔ سانحہ سے قبل فائربریگیڈ کو ہائیڈرنٹس اور پانی کی فراہمی سے متعلق خط لکھا گیا تھا، جس میں پانی کے ذخیرے کے لیے ٹینک کی تعمیر اور کنکشن کے لیے درخواست دینے کی ہدایت کی گئی تھی۔

واٹر کارپوریشن نے رپورٹ میں واضح کیا کہ ہنگامی صورت حال میں وہ فائربریگیڈ کے ساتھ تعاون کرتا ہے، تاہم تاحال فائر بریگیڈ کی جانب سے جواب موصول نہیں ہوا۔

Read Comments