کامیڈین ذاکر خان کی اسپتال سے ویڈیو وائرل، مداح تشویش میں مبتلا

رواں سال ذاکر خان نے لائیو ٹورز سے طویل وقفہ لینے کا اعلان کیا تھا۔
شائع 17 مارچ 2026 09:09am

بھارت کے معروف اسٹینڈ اپ کامیڈین اور اداکار ذاکر خان کی ایک حالیہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ویڈیو میں انہیں ممبئی کے مشہور لیلاوتی اسپتال میں زیرِ علاج دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ ویڈیو ذاکر خان کے بھائی اور سوشل میڈیا انفلوئنسراربازخان نے رمضان کے دوران اپنے انسٹاگرام پر شیئر کی۔

وی لاگ میں اسپتال کے نجی کمرے کی جھلک بھی دکھائی گئی جہاں ذاکر خان دوستوں اور اہلِ خانہ کے ساتھ موجود تھے۔

وی لاگ میں دکھایا گیا کہ ذاکر خان اسپتال کے ایک آرام دہ کمرے میں مریضوں کا لباس پہنے آرام کر رہے ہیں۔

ارباز خان نے ویڈیو میں کمرے کا مختصر ٹور بھی کروایا اور اسے ”فائیو اسٹار ہوٹل جیسے کمرے“ سے تشبیہ دی۔

ویڈیو کے دوران ذاکر خان کرکٹ میچ دیکھتے ہوئے بھی نظر آئے۔ جس میں بھارت اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدِ مقابل تھیں۔

جب ارباز خان نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ ٹھیک ہیں تو ذاکر نے مسکراتے ہوئے ہلکے پھلکے انداز میں جواب دیا کہ اس وقت میچ کافی دلچسپ مرحلے میں ہے۔

اگرچہ ویڈیو میں وہ خوشگوار موڈ میں دکھائی دیے، تاہم ان کے اسپتال میں داخل ہونے کی اصل وجہ ابھی تک واضح نہیں ہو سکی۔

اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کیں۔ کئی صارفین نے کمنٹس میں پوچھا کہ ذاکر خان کو کیا ہوا ہے، وہ اسپتال میں کیوں داخل ہیں اور وہ کب تک صحت یاب ہوں گے۔

یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں حیدرآباد میں اپنے ایک شو کے دوران ذاکر خان نے لائیو ٹورز سے طویل وقفہ لینے کا اعلان کیا تھا۔ بعد ازاں ایک ایونٹ میں انہوں نے وضاحت کی کہ گزشتہ کئی برسوں سے مصروفیات کے باعث وہ لکھنے کے کام پر توجہ نہیں دے پا رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی صحت بالکل خراب نہیں، تاہم وہ کچھ عرصہ تخلیقی کام پر توجہ دینا چاہتے ہیں۔

فی الحال مداح ان کی مکمل صحت یابی کی دعا کر رہے ہیں اور امید کر رہے ہیں کہ جلد مکمل صحت یاب ہو کر ایک بار پھر اپنے منفرد اندازِ مزاح کے ساتھ اسٹیج پر واپس آئیں گے۔

Read Comments