سلمان خان کی فلم ’بیٹل آف گلوان‘ کا نام تبدیل، ہدایتکار نے وجہ بتادی

فلم میں نئے نام کا ایک گانا بھی شامل ہے۔
شائع 17 مارچ 2026 10:31am

بولی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کی آنے والی فلم،”بیٹل آف گلوان“ کا نام تبدیل کر کے اسے باضابطہ طور پر ”ماتر بھومی: مے وار ریسٹ اِن پیس“ کا نام دیا گیا ہے۔ فلم کے ہدایتکار آپوروا لاکیا نے وضاحت کی کہ یہ فیصلہ ”اچانک“ نہیں کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ’عنوان کی تبدیلی سلمان خان کے مداحوں کو اچانک محسوس ہو سکتی ہے، لیکن یہ کبھی بھی راتوں رات کا فیصلہ نہیں تھا۔ ابتدا سے ہی ہم نے دو عنوان رجسٹر کیے تھے، بیٹل آف گلوان اور ماتربھومی۔ جیسے جیسے فلم کی تیاری آگے بڑھی، ہمیں احساس ہوا کہ یہ صرف جنگ کی کہانی نہیں ہے۔ اصل میں فلم انسانیت، ہمدردی پر مبنی ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا، ’ماتر بھومی: مے وار ریسٹ اِن پیس‘ فلم میں اسی نام کا ایک گانا بھی شامل ہے، جسے معروف گلوکار اریجیت سنگھ نے گایا ہے، اور ناظرین کی جانب سے اسے ملنے والی محبت نے عنوان کو بالکل درست محسوس کرایا۔’

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق، فلم کا نام تبدیل کرنے کا مقصد چین مخالف مناظر کو کم کرنا تھا۔ سلمان خان کو کچھ سرکاری اور اسٹریٹجک حلقوں نے مشورہ دیا کہ فلم کے عنوان اور مناظر میں تبدیلی کی جائے تاکہ قومی مزاج اور حساسیت کو برقرار رکھا جا سکے۔ نتیجتاً، فلم کے کئی حصے دوبارہ فلمائے اور اسکرپٹ میں ترمیم کی گئی اور جھڑپ کو زیادہ فکشنل انداز میں پیش کیا گیا۔

سلمان خان نے سوشل میڈیا پر نئے عنوان اور پوسٹر کا اعلان کیا، جس پر ٹیگ لائن درج ہے: ’ مے وار ریسٹ ان پیس’۔ پوسٹر میں سلمان خان کو ایک زخمی سپاہی کے روپ میں دکھایا گیا ہے، جو مشکل حالات میں بھی ڈٹے رہنے کی علامت ہے۔

فلم میں سلمان خان بھارتی فوج کے کرنل سنتوش بابو کا کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ چترنگدا سنگھ مرکزی خاتون کردار میں نظر آئیں گی۔ دیگر اہم کرداروں میں ابھیلاش چوہدری اور انکور بھاٹیا شامل ہیں۔

فلم کی ریلیز 10 اپریل کے لیے شیڈول تھی، تاہم رپورٹس کے مطابق اسے سال کے آخر تک موخر کیا جا سکتا ہے۔ فلم کے باضابطہ نئے ریلیز شیڈول کا اعلان ابھی باقی ہے۔

فلم کے ٹیزر پر چین میں تنقید سامنے آئی، جہاں کچھ سوشل میڈیا صارفین اور سرکاری میڈیا نے فلم پر حقائق کو مسخ کرنے اور چین مخالف جذبات بڑھانے کا الزام لگایا۔

فلم کی کہانی 2020 میں بھارت اور چین کے درمیان گلوان ویلی جھڑپ پر مبنی ہے۔ اس جھڑپ میں بھارتی فوج کے 20 اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ چین نے بعد میں اپنے 5 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی۔

Read Comments