مشرقی وسطیٰ جنگ: ملک بھر کے 8 بڑے ایئر پورٹس سے آج کتنی پروازیں منسوخ ہوئیں؟
مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث بیرون ممالک پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے، پاکستان کے 8 بڑے ایئرپورٹس سے 101 پروازیں منسوخ کردی گئیں، جس کے باعث ابو ظہبی، بحرین، شارجہ، کویت، قطر، ایران، عراق، آذربائیجان اور دبئی کے مسافر پریشان ہیں۔
مشرق وسطیٰ میں اچانک جنگ بندی کی صورت حال بگڑنے کے باعث ملک بھر کے ائیرپورٹس سے بیرونِ ممالک پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے۔
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت پاکستان کے 8 بڑے ائیرپورٹس سے 101 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق لاہور میں بھی پروازوں کی منسوخی کی سنچری بھی مکمل ہو چکی ہے، منسوخ ہونے والی پروازوں میں ابو ظہبی، بحرین، شارجہ، کویت، قطر، ایران، عراق، آذربائیجان اور دبئی شامل ہیں۔
ملکی اور غیر ملکی ایئر لائنز نے مسافروں کو ایئرپورٹ آنے سے پہلے مکمل معلومات حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
لاہور میں سینکڑوں مسافر ائیرپورٹ پہنچنے کے بعد واپس گھر چلے گئے جب کہ عرب امارات کے لیے خصوصی پروازوں کا آغاز بھی ایک بار پھر معطل کر دیا گیا ہے۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق صرف پچھلے 18 دنوں میں پاکستان کے مختلف ایئرپورٹس سے 2000 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔