عید الفطر 2026 کے نئے فیشن: اس سال کا ’نیا ٹرینڈ‘ کیا ہے؟

نرم شیڈز کے ساتھ فیوشیا، ایمرلڈ گرین اور مڈنائٹ بلیو جیسے شوخ رنگ بھی اس سال ٹرینڈ کا حصہ ہیں۔
اپ ڈیٹ 18 مارچ 2026 11:02am

عید کے قریب آتے ہی فیشن کے رجحانات میں تیزی سے تبدیلی دیکھنے میں آتی ہے، اور اس بار بھی کچھ ایسا ہی ہوا ہے۔ گزشتہ سال ”فرشی شلوار“ کا ٹرینڈ خاصا مقبول رہا، جسے مختصر قمیضوں کے ساتھ پہنا گیا۔ اس انداز کو معروف ڈیزائنرز، برانڈز، شوبز شخصیات اور عام خواتین نے بھرپور طریقے سے اپنایا، جبکہ یہ رجحان سرحد پار بھارت تک بھی پہنچ گیا تھا۔

تاہم رواں سال فیشن کے میدان میں ایک نئی تبدیلی سامنے آئی ہے اور فرشی شلوار کا رجحان پیچھے رہ گیا ہے اور اس کی جگہ ”فرشی شرٹس“ نے لے لی ہے۔ یہ شرٹس لمبائی میں اتنی زیادہ ہوتی ہیں کہ تقریباً زمین تک پہنچتی ہیں، جس سے ایک منفرد اور شاہانہ انداز ابھر کر سامنے آتا ہے۔

فیشن انڈسٹری سے وابستہ ڈیزائنرز کا کہنا ہے کہ اگرچہ لمبی قمیضیں پہلے ہی کئی برسوں سے مقبول تھیں، مگر اب ان کی لمبائی میں مزید اضافہ کر کے انہیں ایک نیا انداز دیا جا رہا ہے۔ اس نئے ٹرینڈ میں فرشی شرٹس کو کلوٹس، پلازو یا روایتی شلوار کے ساتھ پہنا جا رہا ہے، جو خواتین میں تیزی سے پسند کیا جا رہا ہے۔

ڈیزائنرز کا کہنا ہے کہ اس وقت مارکیٹ میں زیادہ تر لوگ فل لینتھ شرٹس کی ڈیمانڈ کر رہے ہیں، اور ڈیزائنرز بھی اسی رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے کلیکشن تیار کر رہے ہیں۔

یوں کہا جا سکتا ہے کہ اس عید پر روایتی ملبوسات کو جدید انداز میں پیش کرتے ہوئے فرشی شرٹس فیشن کا نیا مرکز بن چکی ہیں، جو آنے والے سیزن میں بھی اپنی جگہ بنا سکتی ہیں۔

دیگر فیشن ٹرینڈز

فرشی شرٹس کے علاوہ بھی عید 2026 کے لیے کئی نئے اور متنوع فیشن رجحانات سامنے آئے ہیں، جو خواتین کو اسٹائل کے ساتھ ساتھ آرام بھی فراہم کر رہے ہیں۔

اس سال اسٹرکچرڈ انارکلی اور فراک اسٹائل ملبوسات دوبارہ مقبول ہو رہے ہیں۔ تاہم ان روایتی ڈریسز کو جدید کٹس اور فِٹنگ کے ساتھ پیش کیا جا رہا ہے، جس سے ان میں نفاست اور جدت دونوں شامل ہو گئی ہیں۔

اسی طرح کافتان کا رجحان بھی تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ ڈھیلے اور آرام دہ انداز کے یہ ملبوسات خاص طور پر دن کے وقت عید تقریبات کے لیے موزوں سمجھے جا رہے ہیں، جنہیں ہلکی کڑھائی اور نرم کپڑوں کے ساتھ ڈیزائن کیا جا رہا ہے۔

فیشن میں ایک اور نمایاں اضافہ کوآرڈ سیٹس ہیں، یعنی میچنگ شرٹ اور ٹراؤزر پر مشتمل جوڑے۔ یہ نہ صرف جدید دکھائی دیتے ہیں بلکہ انہیں مختلف مواقع پر دوبارہ بھی پہنا جا سکتا ہے، جس کی وجہ سے نوجوان طبقے میں ان کی مقبولیت بڑھ رہی ہے۔

ٹراؤزرز کے انداز میں بھی اس سال خاصی ورائٹی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ روایتی شلوار کے ساتھ ساتھ کلوٹس، پلازو اور سٹریٹ پینٹس بھی فیشن کا حصہ بن چکے ہیں، جو ملبوسات کو ایک نیا اور متوازن لُک دیتے ہیں۔

کپڑوں کے انتخاب میں بھی تبدیلی آئی ہے۔ اس بار لان کے بجائے شیفون، سلک، راؤ سلک، کریپ اور آرگنزا جیسے نفیس فیبرکس زیادہ استعمال ہو رہے ہیں، جو عید کے معتدل موسم کے لیے موزوں سمجھے جارہے ہیں۔

رنگوں کے حوالے سے بھی تنوع دیکھا جا رہا ہے۔ دن کے وقت کے لیے ہلکے اور نرم شیڈز جیسے پاوڈر بلیو، بلش پنک اور منٹ گرین پسند کیے جا رہے ہیں، جبکہ شام کی تقریبات کے لیے فیوشیا، ایمرلڈ گرین اور مڈنائٹ بلیو جیسے گہرے اور شوخ رنگ مقبول ہیں۔

ماہرین کے مطابق اس سال فیشن کا مجموعی رجحان ”کمفرٹ اور اسٹائل“ کے امتزاج کی طرف جا رہا ہے، جہاں خواتین ایسے ملبوسات کو ترجیح دے رہی ہیں جو خوبصورت ہونے کے ساتھ ساتھ کمفرٹیبل بھی ہوں۔

Read Comments