پاکستان سے مشرق وسطیٰ جانے والی مزید 92 پروازیں منسوخ
ملک بھر کے ایئرپورٹس سے مشرق وسطیٰ جانے والی پروازوں کی منسوخی کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جب کہ آج پاکستان سے مزید 95 پروازیں منسوخ ہوئیں۔
مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورت حال کے باعث فلائٹ آپریشن کا مسئلہ تاحال حل نہ ہو سکا۔ آج لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت ملک کے بڑے ایئرپورٹس سے مشرق وسطیٰ کے لیے آنے جانے والی مجموعی طور پر 92 پروازیں منسوخ ہو گئیں۔
کراچی ایئرپورٹ سے دوحہ، کویت، بحرین، ایران اور عراق سمیت دیگر ممالک کے لیے 20 پروازیں منسوخ ہوئیں جب کہ اسلام آباد ایئرپورٹ سے دبئی، دوحہ، بحرین، کویت اور مسقط کی 28 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
اسی طرح لاہور ایئرپورٹ سے کویت، دوحہ، بحرین اور ابو ظہبی کی 18 پروازیں منسوخ ہوئیں جب کہ پشاور ایئرپورٹ سے دوحہ، دبئی اور ابو ظہبی کی 16 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
اس کے علاوہ سیالکوٹ ایئرپورٹ سے دبئی، دوحہ، ریاض اور بحرین کی 6 پروازیں منسوخ ہوئیں جب کہ ملتان ایئرپورٹ سے 4 پروازیں منسوخ کی گئیں تاہم فیصل آباد ایئرپورٹ پر آج بھی مشرق وسطیٰ کے لیے پروازوں کا آپریشن معمول کے مطابق جاری رہا۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق گزشتہ 19 دنوں کے دوران پاکستان سے مشرق وسطیٰ جانے والی منسوخ پروازوں کی مجموعی تعداد 2092 تک پہنچ گئی ہے۔
