کیا غیر ملکی کھلاڑی پی ایس ایل کے لیے پاکستان آنے کو تیار ہیں؟

مشرق وسطی میں کشیدگی بھی پاکستان سپر لیگ کے 11 ویں ایڈیشن میں شامل غیر ملکی کھلاڑیوں کا حوصلہ پست نہ کرسکی۔
شائع 18 مارچ 2026 05:46pm

مشرق وسطی میں جاری کشیدگی کے باوجود آسٹریلیا اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے لیے پاکستان آنے کی یقین دہانی کرا دی ہے جب کہ اسٹیو اسمتھ، گلین میکسویل، مارنس لبوشین سمیت زیادہ تر غیر کھلاڑی پاکستان آکر کھیلنے کو تیار ہیں۔

مشرق وسطی میں کشیدگی بھی پاکستان سپر لیگ کے 11 ویں ایڈیشن میں شامل غیر ملکی کھلاڑیوں کا حوصلہ پست نہ کرسکی تاہم کھلاڑی پاکستان آنے کے لیے پرعزم ہیں جب کہ زمبابوے کے کھلاڑی سکندر رضا پاکستان پہنچ بھی چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق آسٹریلوی اسٹار کھلاڑی اسٹیو اسمتھ، گلین میکسویل اور مارنس لبوشین نے پاکستان آنے کی یقین دہانی کروائی ہے جب کہ دیگر غیر ملکی کھلاڑیوں نے بھی اپنی فرنچائزز کو یقین دلایا ہے کہ وہ پاکستان آکر اپنے میچز کھیلیں گے۔

غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت یقینی بنانے کے لیے بروقت اور محفوظ سفر کو یقینی بنایا جارہا ہے جب کہ ہنگامی حالات کے لیے فلائٹس کا بیک اپ پلان بھی تیار کر لیا گیا ہے۔

پی سی بی اور فرنچائزرز کی جانب سے مختلف ایئرلائنز میں کھلاڑیوں کی بکنگ کرائی جارہی ہے تاکہ کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کے سفر کو یقنی بنانے کے لیے بڑی اور معروف ایئر لائنز کے ساتھ دوسری ایئرلائنز کو بھی استعمال کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام ٹیموں کے کھلاڑی 23 مارچ سے لاہور میں اکٹھا ہونا شروع کریں گے تاکہ پی ایس ایل 11 کے میچز کی تیاری مکمل ہو سکے۔

Read Comments