ایرانی رہنما علی لاریجانی کی شہادت پر چین کا رد عمل، فوری جنگ بندی کا مطالبہ

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے علی لاریجانی کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار دے دیا۔
شائع 19 مارچ 2026 03:39pm

چین نے ایران کی نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار دے دیا جب کہ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

چینی میڈیا کے مطابق جمعرات کے روز پریس بریفنگ کے دوران چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے کہا کہ ایران کی اعلیٰ سیکیورٹی قیادت کو نشانہ بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں جب کہ شہری اہداف پر حملے بھی قابل مذمت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین ہمیشہ بین الاقوامی معاملات میں طاقت کے استعمال کی مخالفت کرتا آیا ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب اطلاعات کے مطابق ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی اسرائیلی حملے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔

لن جیان نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نتین یاہو کے بیان پر چین کو شدید جھٹکا لگا ہے، نیتن یاہو کے ایرانی حکام کو قتل کرنے کے بیان پر تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین موجودہ جنگی صورت حال میں ثالثی کی کوششیں کر رہا ہے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ اور کشیدگی میں مسلسل اضافہ خطے کو غیر یقینی صورت حال کی طرف دھکیل رہا ہے، عالمی برادری بھی مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کر رہی ہے، اس لیے تمام فریقین کو فوری طور پر فوجی کارروائیاں روکنی چاہئیں تاکہ صورتحال مزید خراب نہ ہو۔

Read Comments