ایران پر مزید بڑے حملے کریں گے، امریکا جنگ جیت رہا ہے: امریکی سیکرٹری دفاع

ایران کی جنگ ماضی کی جنگوں سے مختلف ہے، جنگ میں ہلاک امریکی فوجیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا: پیٹ ہیگسیتھ
شائع 19 مارچ 2026 05:51pm

امریکی سیکرٹری دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے کہا ہے کہ ایران پر مزید بڑے حملے کریں گے، امریکا جنگ جیت رہا ہے، آج ایران میں 7 ہزار سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا، ایران کی جنگ ماضی کی جنگوں سے مختلف ہے، جنگ میں ہلاک امریکی فوجیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ایران کے خلاف امریکی کارروائیوں کے حوالے سے جمعرات کو نیوز کانفرنس کرتے ہوئے امریکی سیکرٹری دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ گزشتہ دنوں ایران میں ہونے والے حملے کامیاب رہے اور اب تک 7 ہزار سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا جا چکا ہے، مدد کرنے پر صدر ٹرمپ اتحادیوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ہر امریکی امن چاہتا ہے اور امن سے رہنا چاہتا ہے۔

پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ ایران میں جاری جنگ ماضی کی کسی بھی جنگ سے مختلف ہے اور امریکی فوج نے اس میں واضح کامیابی حاصل کی ہے، آپریشن کا مقصد فیصلہ کُن کارروائی کرنا ہے، ایران جنگ میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

امریکی سیکرٹری دفاع کے مطابق امریکی فورسز نے ایران کی دفاعی صلاحیت کو مکمل طور پر ختم کر دیا ہے، ایران میں 7 ہزار فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے اور اس دوران ایران کی 11 آبدوزیں تباہ کی گئیں، ایران کے ریڈار اور دفاعی سسٹم کو بھی تباہ کردیا ہے جب کہ ایرانی نیوی کے 120 جہازوں کو تباہ کر چکے ہیں۔

انہوں نے یورپی اتحادیوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، ان کا کہنا تھا کہ میڈیا ایران جنگ پر غلط اندازے پیش کررہا ہے اور جھوٹی خبریں چلارہا ہے۔

پیٹ ہیگسیتھ کے بقول امریکی فوج ایران پر مزید بڑے حملے کرنے کی تیاری کر رہی ہے، امریکی کارروائیوں کا مقصد فیصلہ کن حملہ کرنا اور ایران کی فوجی صلاحیت کو کمزور کرنا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ ایران کے خلاف حملوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور امریکی فورسز ہر ممکن کارروائی کرنے کے لیے تیار ہیں۔

Read Comments