امریکا کی یو اے ای کو پیٹریاٹ میزائل سمیت 7 ارب ڈالر کے جدید ہتھیاروں کی فروخت کی منظوری
امریکا نے متحدہ عرب امارات کے لیے اربوں ڈالر مالیت کے جدید ہتھیاروں کی فروخت کی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد خطے میں دفاعی صلاحیت کو مزید مستحکم بنانا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے متحدہ عرب امارات کے لیے تقریباً 7 ارب ڈالر مالیت کے ہتھیاروں کی منظوری دے دی ہے، جن کا اعلان امریکی قوانین کے تحت عوامی سطح پر کرنا ضروری نہیں، یہ بات امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے جمعرات کو اپنی رپورٹ میں بتائی۔
رپورٹ کے مطابق یہ منظوری اُن اسلحہ معاہدوں کے علاوہ ہے جن کا اعلان اسی روز کیا گیا تھا، جن کی مجموعی مالیت 16.5 ارب ڈالر سے زائد ہے اور جن میں مشرق وسطیٰ کے تین ممالک شامل ہیں۔
وال اسٹریٹ جرنل نے امریکی حکام کے حوالے سے بتایا کہ غیر اعلانیہ معاہدوں میں متحدہ عرب امارات کو تقریباً 5.6 ارب ڈالر مالیت کے پیٹریاٹ میزائلز اور تقریباً 1.32 ارب ڈالر کے ہیلی کاپٹرز کی فروخت شامل ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ان معاہدوں کا باقاعدہ اعلان اس لیے نہیں کیا گیا کیونکہ یہ پہلے سے طے شدہ اسلحہ سودوں کی توسیع ہیں، جنہیں امریکی قوانین کے تحت عوامی سطح پر ظاہر کرنا لازم نہیں ہوتا۔