ٹی ٹی پی کے خوارج کا اصلی چہرہ بے نقاب، بچوں کے ہاتھوں میں بندوق تھما دی

کمسن بچوں کو اسلحہ دینا بہادری نہیں بلکہ ایک سفاکانہ منصوبہ ہے
شائع 20 مارچ 2026 11:51am

ٹی ٹی پی کے خوارج کے اصل چہرے کی حقیقت سامنے آ گئی ہے، جنہوں نے بچوں کے ہاتھوں میں بندوق تھما کر نہ صرف معصوم ذہنوں کو خطرے میں ڈالا بلکہ قوم کے مستقبل کے ساتھ کھیلنے کی کوشش کی ہے۔

ذرائع کے مطابق کمسن بچوں کو اسلحہ دینا بہادری نہیں بلکہ ایک سفاکانہ منصوبہ ہے جس کا مقصد معصوم ذہنوں کو شدت پسندی کی فیکٹری میں دھکیلنا ہے۔

حالیہ چند ویڈیوز کے ذریعے خوارج کے کنٹرول کا دعویٰ کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم تجزیہ کاروں کے مطابق یہ صرف خوف اور پروپیگنڈے کے ذریعے جھوٹا تاثر قائم کرنے کی کوشش ہے۔

اس گروہ نے بچوں کو گھٹیا نعرے لگوانے اور گن کلچر سکھانے کے علاوہ درخت جلوانے اور ہتھیار استعمال کرنے جیسی سرگرمیوں میں دھکیل کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ عوام کے خیرخواہ نہیں بلکہ معاشرے کے دشمن ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر قوم آج اس خطرے پر خاموش رہی تو کل انہی بچوں کے ہاتھوں میں قلم نہیں بلکہ بارود ہوگا۔ ان کا کہنا ہے کہ خوارج کا بیانیہ اسلام نہیں بلکہ فساد، جبر اور انسانی وقار کی تذلیل ہے۔

خیبرپختونخوا میں ایسے مناظر صوبائی حکمرانی اور مقامی سیاسی قیادت کے لیے سنجیدہ سوالات کھڑے کرتے ہیں۔

دہشتگردی کے خلاف جنگ صرف فورسز کی ذمہ داری نہیں، بلکہ ریاست، علما، والدین اور معاشرے سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اس سفاکانہ پروپیگنڈے سے محفوظ رکھیں اور معاشرتی بقا کو یقینی بنائیں۔

Read Comments