رانا ثنا اللہ کا قوم کو پیڑول اور گیس کا استعمال 50 فیصد کم کرنے کا مشورہ

قوم نے یہ اقدام نہ کیا تو مزید مہنگائی ہوسکتی ہے، عالمی سطح پر قیمتیں بڑھنے کے اثرات آئیں گے: مشیر وزیراعظم
شائع 21 مارچ 2026 05:34pm

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے پوری قوم کا ہر فرد پیٹرول اور گیس کا استعمال آدھا کر دے، قوم 50 فیصد استعمال کم نہیں کرتی تو عالمی سطح پر قیمتیں بڑھنے کے اثرات آئیں گے۔

عید کی نماز کے بعد فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان اندرونی و بیرونی چیلنجز کا سامنا کررہا ہے، سیاسی اور عسکری قیادت اس وقت درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر سرخرو ہو رہی ہے۔ افغانستان کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف اقوام متحدہ کے چارٹر کے عین مطابق ہے۔

افغان جنگ کے حوالے سے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان نہ تو جنگ مسلط کرنا چاہتا ہے اور نہ افغانستان کے کسی حصے پر قبضہ چاہتا ہے، پاکستان کا ایک ہی مطالبہ ہے افغانستان اپنی زمین پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے، افغانستان یقین دہانی کروا دے تو ہمارا کوئی جھگڑا نہیں۔

وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشن ”ضرب الحق“ جاری ہے اور اس میں صرف مخصوص اہداف کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، ایک مرتبہ صفایا کردیا ہے، اگر ایسے ٹھکانے استعمال ہوئے تو اس پر نظر رکھی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت تاریخ میں عالمی طور پر اہمیت حاصل ہے، پاکستان نے ایران پر جارحیت کی واضح انداز میں مزمت کی، پاکستان نے ایران کی طرف سے مسلم ممالک پر حملوں کی بھی مذمت کی، دنیا کے کسی اسلامی ملک میں اس طرح ردعمل نہیں آیا۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت ملک میں سیاسی رواداری پر یقین رکھتی ہے اور ہم نے تمام سیاسی جماعتوں کو ڈائیلاگ کی دعوت دی جب کہ وزیراعظم نے ”میثاق استحکام پاکستان“ کی پیشکش بھی کی۔

سیاسی صورت حال پر بات کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنا چاہتی ہے اور یہ لوگ سیاست کے لیے نہیں بلکہ ڈیل کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ان کے ساتھ بیٹھے۔

کفایت شعاری مہم سے متعلق سوال کے جواب میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پوری قوم کا ہر فرد پیٹرول اور گیس کا استعمال آدھا کر دے، قوم 50 فیصد استعمال کم نہیں کرتی تو عالمی سطح پر قیمتیں بڑھنےکے اثرات آئیں گے، پاکستان اس وقت کئی اہم اندرونی اور بیرونی چیلنجوں کا سامنا کر رہا ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی الیکشن جلد ہوں گے، پنجاب حکومت نے فیصلہ کر لیا ہے، تیاری ہو چکی ہے۔

Read Comments