پی ایس ایل 11 کے میچز دو شہروں میں ہوں گے، شائقین کو اسٹیڈیم نہیں بلایا جائے گا: محسن نقوی
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے باعث غیر یقینی حالات پیدا ہو گئے ہیں اور یہ کہنا ممکن نہیں کہ کشیدگی یا جنگی صورتحال کتنے دن تک جاری رہے گی، تاہم پاکستان سپر لیگ الیون اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق 26 مارچ سے ہی شروع ہوگی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ پی ایس ایل کے انعقاد کے حوالے سے وزیرِاعظم سے مشاورت کی گئی ہے، جس کے بعد لیگ کو محدود پیمانے پر جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ تمام میچز بغیر تماشائیوں (کراؤڈ) کے ہوں گے اور شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
چیئرمین پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل الیون کے میچز کو صرف دو شہروں لاہور اور کراچی تک محدود کر دیا گیا ہے، جبکہ کفایت شعاری مہم کے تحت دیگر اخراجات میں بھی کمی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور میں ہونے والی افتتاحی تقریب کو بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شائقین کو ٹکٹوں کی مد میں ادا کی گئی رقم واپس کر دی جائے گی، تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے واضح کیا کہ سیکیورٹی کے حوالے سے کوئی بڑا مسئلہ درپیش نہیں، تمام ادارے الرٹ ہیں اور انٹیلی جنس نظام بہترین انداز میں کام کر رہا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کھیلوں کے لیے ایک محفوظ ملک ہے اور بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لیے کیے گئے اقدامات جاری رہیں گے۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ پی ایس ایل 11 کا نیا شیڈول جلد جاری کیا جائے گا تاکہ ٹیموں اور شائقین کو بروقت آگاہ کیا جا سکے۔