ایران کا امریکا کے ایک اور طیارے ایف 15 کو تباہ کرنے کا دعویٰ
ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فوج نے ملک کے جنوبی ساحلی علاقے اور آبنائے ہرمز کے قریب امریکا کے ایک اور ایف-15 جنگی طیارے کو تباہ کردیا ہے جب کہ طیارے کو گرانے کی ویڈیو بھی جاری کردی تاہم اس حوالے سے امریکا یا دیگر متعلقہ ممالک کی جانب سے تاحال کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی۔
ایرانی فوج کے مطابق اتوار کے روز فضائی دفاعی نظام کے ذریعے ایک جدید ایف-15 لڑاکا طیارے کو نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی خبر رساں ادارے فارس نیوز نے رپورٹ کیا کہ طیارہ زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سسٹم کے ذریعے گرایا گیا۔
ایرانی میڈیا کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے کامیابی کے ساتھ طیارے کو لاک کر کے نشانہ بنایا تاہم اس ویڈیو کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔ اس واقعے پر امریکا یا مشرق وسطیٰ میں اس کے اتحادی ممالک کی جانب سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا کے علاوہ سعودی عرب، اسرائیل اور قطر بھی ایف-15 طیارے استعمال کرتے ہیں۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چند روز قبل ایران نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے پہلی بار امریکا کے جدید ایف-35 لائٹننگ ٹو طیارے کو نشانہ بنایا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے امریکی دفاعی حکام کے حوالے سے بتایا تھا کہ ایک ایف-35 طیارے نے ہنگامی لینڈنگ کی جب کہ پائلٹ بحفاظت باہر نکلنے میں کامیاب رہا اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
رپورٹس کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے دوران گزشتہ چار ہفتوں میں ایف-15 طیاروں سے متعلق یہ چوتھا واقعہ ہے۔ یکم مارچ کو تین ایف-15 ای “اسٹرائیک ایگل” طیارے کویت کے فضائی دفاعی نظام نے مبینہ طور پر غلطی سے مار گرائے تھے، جس کی تصدیق امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے بھی کی تھی۔
اس کے علاوہ امریکی فوج کے مطابق ایک کے سی-135 ری فیولنگ طیارہ بھی دو طیاروں کے درمیان غیر واضح واقعے کے بعد ”دوستانہ فضائی حدود“ میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔
گزشتہ روز ایرانی فوج یہ دعویٰ بھی کر چکی ہے کہ اس نے ملک کے وسطی علاقے میں ایک اسرائیلی ایف-16 طیارے کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سے نشانہ بنایا۔