پاور پلانٹس پر حملہ ہوا تو تباہ کن جواب دیا جائے گا، ایران کا ٹرمپ کے بیان پر سخت انتباہ
ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی کا جواب دیتے ہوئے خبر دار کیا ہے کہ اگر ٹرمپ نے پاور پلانٹس کو نقصان پہنچایا تو امریکا کے توانائی انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنایا جائے گا، ٹرمپ نے بجلی گھر کو نقصان پہنچایا تو ہم مشرق وسطیٰ میں امریکی تنصیبات کو نشانہ بنائیں گے۔
اتوار کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے خبردار کیا کہ اگر ملک کے پاور پلانٹس پر حملہ کیا گیا تو ایران خطے بھر میں توانائی اور تیل کے انفراسٹرکچر کو فوری اور ناقابل واپسی نقصان پہنچائے گا۔
محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ایران کے پاور پلانٹس اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچانے سے گریز کیا جائے، اگر حملہ ہوا تو خطے میں موجود توانائی و تیل کے انفراسٹرکچر کو جائز ہدف سمجھا جائے گا۔ ایران کسی بھی حملے کا سخت اور مؤثر ردعمل دے گا، خطے میں موجود تنصیبات کو ناقابلِ واپسی طریقے سے تباہ کر دیا جائے گا۔ توانائی تنصیبات پر حملوں سے تیل کی قیمتیں بلند ترین سطح پر چلی جائیں گی۔
ایرانی فوج کے مرکزی کمانڈ کے ترجمان ابرہیم ذوالفقاری نے کہا کہ ایران نہ صرف تیل و گیس کی تنصیبات بلکہ پانی صاف کرنے والے پلانٹس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے نظام کو بھی نشانہ بنا سکتا ہے، خاص طور پر وہ تنصیبات جو امریکا اور اسرائیل سے منسلک ہوں۔
دوسری جانب ٹرمپ کی بجلی گھروں پر حملے کی دھمکی کے بعد ترجمان ایرانی ختم الانبیاء ہیڈکوارٹر نے کہا کہ بجلی گھروں پر حملہ تو امریکی توانائی تنصیبات کو نشانہ بنائیں گے، خطے کے آئی ٹی انفرااسٹرکچر اور ڈی سیلینیشن پلانٹ بھی نشانہ ہوں گے۔
قبل ازیں ایرانی وزیرتوانائی نے ایک بیان میں کہا کہ دشمن کے حملوں سے پانی بجلی کے نظام کو شدید نقصان پہنچا ہے، پانی اور صفائی کے درجنوں مرکز کو نشانہ بنایا گیا، امریکی اسرائیلی حملوں میں اہم تنصیبات کے کچھ حصوں کو نقصان پہنچا ہے، نقصانات کی مرمت کی جارہی ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا تھا کہ اگر اس نے 48 گھنٹوں میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے اقدامات نہ کیے تو ایران کے پاور پلانٹس کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
دریں اثنا ایرانی خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سابق سربراہ علی لاریجانی نے ماضی میں خبردار کیا تھا کہ اگر ایران کے بجلی کے نظام پر حملہ کیا گیا تو پورا خطہ آدھے گھنٹے میں اندھیرے میں ڈوب سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس قسم کے بیانات خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے کا سبب بن سکتے ہیں اور توانائی کے عالمی نظام پر بھی اثر انداز ہو سکتے ہیں۔