ٹی 20 ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی پر صاحبزادہ فرحان کو بڑے اعزاز سے نواز دیا گیا
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کے صاحبزادہ فرحان کو پلیئر آف دی منتھ قرار دے دیا، صاحبزادہ فرحان کو فروری میں غیرمعمولی کارکردگی پر پلیئر آف دی منتھ قرار دیا گیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق پاکستان کے اوپنر صاحبزادہ فرحان کو فروری 2026 کے لیے آئی سی سی مینز پلیئر آف دی منتھ کے اعزاز سے نوازا گیا ہے.
پاکستانی بلے باز نے سری لنکا میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں شاندار کارکردگی دکھائی اور وہ بیٹنگ کے میدان میں سب سے نمایاں کھلاڑی کے طور پر سامنے آئے جب کہ ان کی شاندار کارکردگی کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا۔
دائیں ہاتھ کے بلے باز صاحبزادہ فرحان نے میگا ایونٹ کی صرف 6 اننگز میں 76.60 کی شاندار اوسط اور 160.25 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ مجموعی طور پر 383 رنز بنائے، جو ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ تھے۔
پاکستانی بلے باز کی ٹورنامنٹ میں 2 سینچریاں اور 2 نصف سنچریاں شامل تھیں اور وہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے ایک ہی ایڈیشن میں ایک سے زائد سینچری بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ اس دوران انہوں نے ویرات کوہلی کا طویل عرصے سے قائم ریکارڈ توڑ کر ایک ہی ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
29 سالہ فرحان نے اپنی ٹیم کے ساتھی فخر زمان کے ساتھ ٹی 20 انٹرنیشنل کی تاریخ میں سب سے بڑی پارٹنرشپ (176 رنز) بھی قائم کی۔حالانکہ پاکستان سیمی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب نہ ہو سکا لیکن فرحان کی شاندار کارکردگی نے انہیں آئی سی سی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں جگہ دلوائی۔
صاحبزادہ فرحان نے 7 میچز میں 47، 73، صفر، ناقابل شکست 100، ایک میچ میں بیٹنگ نہ کی، 63 اور 100 رنز اسکور کیے، جس کی بدولت انہیں آئی سی سی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں بھی شامل کیا گیا۔
ایوارڈ جیتنے پر اظہار خیال کرتے ہوئے صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ ورلڈ کپ جیسے بڑے اسٹیج پر کارکردگی دکھانے کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنا ایک شاندار احساس ہے۔ ان کے مطابق دنیا بھر کے شائقین کی موجودگی میں کھیلنا اس کامیابی کو مزید خاص بناتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ٹورنامنٹ ان کے لیے ہمیشہ یادگار رہے گا اور وہ آنے والی سیریز اور مقابلوں میں بھی اسی فارم کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔
پاکستانی بلے باز نے اپنی ٹیم کے ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مسلسل حمایت کے بغیر یہ کامیابی ممکن نہ تھی۔
اس شاندار کارکردگی کے باعث وہ سری لنکا کے خلاف پالے کیلے میں سنچری بنانے کے بعد آئی سی سی ٹی 20 بیٹنگ رینکنگ میں اپنے کیریئر کی بہترین دوسری پوزیشن پر بھی پہنچ گئے ہیں۔
یہ صاحبزادہ فرحان کے کیریئر کا پہلا آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ ہے جب کہ وہ نومبر 2024 میں حارث رؤف کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی مرد کرکٹر بھی بن گئے ہیں۔
محسن نقوی کی مبارکباد
چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے پلیئرآف دی منتھ ایوارڈ جیتنے پر صاحبزادہ فرحان کو مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے کہا صاحبزادہ فرحان کا اعزاز پاکستان کرکٹ کے لئے باعث فخر ہے، یہ اعزاز ان کی محنت اور پروفیشنل اپروچ کا نتیجہ ہے،امید ہے وہ اچھی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں گے۔
چیئرمین پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ مستقبل میں صاحبزادہ فرحان اپنی صلاحیتوں اور محنت سے مزید کامیابیاں سمیٹیں گے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کے ول جیکس اور امریکا کے شیڈلے وین شیلوک بھی پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد ہوئے تھے۔