پاکستان کی ثالثی کی کوششیں، فیلڈ مارشل کا امریکی صدر سے اہم رابطہ، فنانشل ٹائمز کا دعویٰ

پاکستان خود کو ایران کے خلاف کشیدگی کے خاتمے کے لیے ثالث کے طور پر پیش کر رہا ہے، برطانوی اخبار
اپ ڈیٹ 23 مارچ 2026 11:18pm

برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان خود کو امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے ایک اہم ثالث کے طور پر پیش کر رہا ہے۔ فیلڈ مارشل آرمی چیف عاصم منیر نے اتوار کو امریکی صدر ٹرمپ سے بات چیت کی ہے۔

پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز، آرمی چیف و فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی کاوشیں رنگ لانے لگیں، امریکا اور ایران کو انگیج کرنے میں پاکستان بازی لے گیا اور اس حوالے سے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اتوار کو بات چیت کام کرگئی۔

برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے مشرق وسطی میں جنگ کی آگ ٹھنڈی کرنے کی کاوشوں میں پاکستان کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ طاقتور فوجی قیادت فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے ایران سے اپنے روابط اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اپنے گہرے تعلقات کو استعمال کرتے ہوئے ثالثی کی کاوشیں تیز کیں۔

اخبار کے مطابق پاکستان نے ٹرمپ ایران بحران روکنے کی کوشش کی، ایک جانب فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکا کا محاز سنبھالا تو دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی قیادت کو انگیج کیا۔

شہبازشریف نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے بات کی، وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے ترکی کے ہم منصب سے پیر کو بات کی، ترکیہ نے بھی اسٹیوو وٹکاف سے بات چیت رکھی، پاکستانی رہنما بیک وقت ایران، وٹکاف اور جیرڈ کشنر سے رابطے میں تھے۔

فنانشل ٹائمزر کی رپورٹ کے مطابق پاکستان امریکا کے ان چند اتحادیوں میں شامل ہے جن پر ایرانی میزائلز نہ برسے اور یہی وجہ تھی کہ پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان غیرجانبدار ثالث کا کردار ادا کیا، مجتبی خامنہ ای نے بھی کہا تھا کہ وہ پاکستان کا خصوصی احترام کرتے ہیں۔

اخبار کے مطابق وائٹ ہاؤس نے اس معاملے میں تصدیق سے گریز کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انتہائی حساس نوعیت کی معاملہ ہے، اسے میڈیا کے ذریعے بیان نہیں کیا جاسکتا۔

ایران کے پاور پلانٹس پر حملے 5 روز کے لیے مؤخر

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سوشل ٹروتھ پر پیغام جاری کیا گیا، جس میں انہوں نے ایران کے ساتھ بات چیت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے پاور پلانٹس پر حملے 5 روز کے لیے مؤخر کیے جارہے ہیں۔

امریکی صدر نے کہا ہے کہ ’مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان گزشتہ دو دنوں کے دوران مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے مکمل اور جامع حل کے حوالے سے نہایت مثبت، نتیجہ خیز اور تعمیری بات چیت ہوئی ہے۔‘

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’اس تفصیلی اور تعمیری بات چیت کے انداز اور لہجے کی بنیاد پر جو اس ہفتے بھر جاری رہیں گی، میں نے محکمہ جنگ کو ہدایت دی ہے کہ ایران کے بجلی گھروں اور توانائی کی تنصیبات پر تمام فوجی حملوں کو پانچ دن کے لیے مؤخر کر دیا جائے، جو جاری ملاقاتوں اور مذاکرات کی کامیابی سے مشروط ہے۔‘

ایران کی امریکا سے مذاکرات کی تردید

ایران کی وزارت خارجہ نے امریکا کے ساتھ مذاکرات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن کے ساتھ  براہ راست مذاکرات نہیں ہو رہے، صدرٹرمپ علاقائی کشیدگی میں کمی کے لیے وقت بڑھارہے ہیں۔

ایرانی وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ علاقائی ممالک نے کشیدگی کم کرنے کے لیے کچھ اقدامات کیے، خطے میں جنگ ایران نے شروع نہیں کی،صدر ٹرمپ کا بیان  توانائی کی قیمتیں کم کرنے کے لیے ہے۔

ایران کی قومی سلامتی کمیٹی کے ترجمان ابراہیم رضائی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ جنگ جاری ہے،یہ  دشمن کی ایک اور شکست ہے، صدر ٹرمپ اور امریکا ایک بار پھر ناکام ہوگئے۔

تیل کی قیمتوں میں کمی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے بجلی گھروں پر حملے 5 روز کے لیے مؤخر کرنے کے اعلان کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔

امریکی کروڈ آئل کی قیمت میں 10 فیصد کمی دیکھنے میں آئی جو کہ 88.34 ڈالر فی بیرل پر آ گئی ہے جب کہ برطانوی کروڈ آئل میں بھی 10 فیصد کمی ہوئی جس کے بعد فی بیرل قیمت 101.49 ڈالر پر آ گئی ہے ۔

Read Comments