ارشاد بھٹی نے اپنی دوسری اہلیہ کے ساتھ محبت کی داستان شیئر کردی

اپنی محبت کو اپنے ہاتھوں مٹی تلے دفنانا ناقابل بیان کرب ہے، ارشاد بھٹی
شائع 24 مارچ 2026 09:10am

پاکستان کے معروف تجزیہ کار اور صحافی ارشاد بھٹی اپنی منفرد اندازِ گفتگو اور بے باک رائے کی وجہ سے ہمیشہ خبروں میں رہتے ہیں۔ وہ طویل عرصے سے مختلف نیوز چینلز پر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں اور سنجیدہ موضوعات کو بھی دلچسپ انداز میں پیش کرنے کی مہارت رکھتے ہیں۔ ان کے دو ٹوک تجزیوں کو بڑے شوق سے دیکھا اور سنا جاتا ہے۔

حال ہی میں عید کے ایک خصوصی پروگرام میں انہوں نے اپنی دوسری اہلیہ اور سابقہ اداکارہ سماء بھٹی کے ساتھ شرکت کی، جہاں دونوں نے اپنی محبت بھری زندگی کے بارے میں کھل کر گفتگو کی۔

گفتگو کے دوران ارشاد بھٹی نے اپنی پہلی اہلیہ کو یاد کرتے ہوئے جذباتی انداز میں کہا کہ کسی اپنے کو ہمیشہ کے لیے کھو دینا زندگی کا سب سے بڑا دکھ ہوتا ہے۔

ان کے مطابق اپنی محبت کو اپنے ہاتھوں مٹی تلے دفنانا ایک ایسا کرب ہے جسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا اور یہ ان کی زندگی کا نہایت مشکل اور تاریک دور تھا۔

ارشاد بھٹی نے بتایا کہ سماء راج کی آمد نے ان کی زندگی میں دوبارہ روشنی اور خوشیاں بھر دیں۔

ان کے بقول ان کی اہلیہ نہایت خیال رکھنے والی ہیں اور دونوں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنی اہلیہ کو خوش رکھنے کے لیے وقتاً فوقتاً تحائف اور عیدی دیتے رہتے ہیں، جو ان کے رشتے کو مزید مضبوط بناتا ہے۔

اس موقع پر سماء راج نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ارشاد بھٹی نہایت سادہ مزاج انسان ہیں اور انہیں سادہ کھانے جیسے دالیں اور مکس سبزی پسند ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ شادی سے پہلے وہ فضول خرچ تھیں، مگر اب انہوں نے سوچ سمجھ کر خرچ کرنا سیکھ لیا ہے۔

یہ جوڑا اس وقت اپنی ازدواجی زندگی میں خوش اور مطمئن دکھائی دیتا ہے اور ایک دوسرے کے ساتھ نئی زندگی کو بھرپور انداز میں انجوائے کر رہا ہے۔

Read Comments