امریکی ریاست ٹیکساس کے آئل ریفائنری پلانٹ میں زوردار دھماکا

ریفائنری میں 770 ملازمین ہیں اور یہاں روزانہ 4 لاکھ 35 ہزار بیرل تیل سے پیٹرول، ڈیزل اور جیٹ فیول تیار کیا جاتا ہے۔
شائع 24 مارچ 2026 10:43am

امریکی ریاست ٹیکساس کے ساحلی علاقے پورٹ آرتھر میں واقع بڑی آئل ریفائنری میں ایک زوردار دھماکہ ہوا جس کے بعد آسمان کی جانب دھوئیں کے گھنے کالے بادل اٹھتے ہوئے دیکھے گئے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پیر کے روز ہونے والے اس واقعے کے فوری بعد مقامی حکام نے ہنگامی صورتحال کے پیش نظر قریبی رہائشیوں کو اپنے گھروں کے اندر رہنے اور باہر نہ نکلنے کی سخت تاکید کی ہے تاکہ وہ کسی بھی قسم کے ممکنہ خطرات سے محفوظ رہ سکیں۔

ہیوسٹن سے تقریباً 145 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع اس ’ولیرو ریفائنری‘ میں ہونے والے دھماکے کے حوالے سے شہر کی میئر شارلٹ ایم موزز نے میڈیا کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ خوش قسمتی سے اس حادثے میں اب تک کسی جانی نقصان یا کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

انہوں نے شہر کے مغربی حصے میں رہنے والے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی جگہوں پر موجود رہیں کیونکہ فائر فائٹرز کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں اور آگ پر قابو پانے کی بھرپور کوششیں کر رہی ہیں۔ میئر کا کہنا تھا کہ اگرچہ دھماکہ بڑا تھا لیکن تمام ملازمین اور شہری خیریت سے ہیں۔

یہ حادثہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ایران کی جنگ کی وجہ سے عالمی سطح پر تیل کی سپلائی کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال پیدا ہو چکی ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

ولیرو کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق اس ریفائنری میں تقریباً 770 ملازمین کام کرتے ہیں اور یہاں روزانہ 4 لاکھ 35 ہزار بیرل خام تیل کو صاف کرنے کی صلاحیت موجود ہے، جہاں خام تیل سے پیٹرول، ڈیزل اور جہازوں کا ایندھن تیار کیا جاتا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز اور تصاویر میں ریفائنری سے آگ کے شعلے اور دھواں نکلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور لوگوں کے گھروں کی کھڑکیاں تک لرز گئیں۔

شہری انتظامیہ نے فیس بک پر جاری اپنے پیغام میں واضح کیا ہے کہ جب تک امدادی ٹیموں کی جانب سے صورتحال کو مکمل طور پر محفوظ قرار نہیں دے دیا جاتا، تب تک شہری باہر نہ نکلیں۔

ٹیکساس کے ریاستی نمائندے کرسچن مینوئل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اطلاع دی ہے کہ ’کمیشن آن انوائرمنٹ کوالٹی‘ ہوا کے معیار اور ماحولیاتی معیار کو جانچنے کے لیے جائے وقوعہ پر مقامی اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ باہر کی سرگرمیاں محدود کر دیں، گھروں کے دروازے اور کھڑکیاں بند رکھیں اور مقامی حکام کی جانب سے دی جانے والی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ دوسری جانب ولیرو کمپنی کی انتظامیہ نے تاحال اس واقعے پر کوئی باقاعدہ ردعمل یا تبصرہ جاری نہیں کیا ہے۔

Read Comments