کفایت شعاری مہم: حکومتِ سندھ کی عوام سے گھروں سے کام کرنے کی اپیل

وفاق کی جانب سے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا جاتا ہے تو اس پر مکمل عمل کیا جائے گا: شرجیل انعام میمن
شائع 25 مارچ 2026 10:54am

حکومتِ سندھ نے ایندھن اور توانائی کے ممکنہ بحران سے نمٹنے کے لیے کفایت شعاری کے تحت اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ کابینہ نے تین ماہ کی تنخواہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ قومی سطح پر وسائل کے تحفظ کا پیغام دیا جا سکے۔

شرجیل میمن کے مطابق حکومت سندھ ایندھن کے ذخائر کو محفوظ بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے اور اس سلسلے میں وفاقی حکومت کے فیصلوں کی مکمل حمایت جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر وفاق کی جانب سے لاک ڈاؤن کا کوئی فیصلہ کیا جاتا ہے تو اس پر بھی مکمل عمل کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ توانائی کی کمی کی صورتحال سے بچنے کے لیے مختلف شعبوں میں اہم فیصلے کیے جا رہے ہیں، جن میں پبلک ٹرانسپورٹ سے متعلق اقدامات بھی شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ایندھن کی کمی کو روکا جائے اور ساتھ ہی قیمتوں کو بھی کنٹرول میں رکھا جائے تاکہ عوام پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔

شرجیل میمن نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مشکل وقت میں حکومت کا ساتھ دیں اور اگر ممکن ہو تو گھروں سے کام کریں تاکہ ایندھن کی بچت ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی تعاون سے نہ صرف توانائی کے ذخائر کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے بلکہ ممکنہ بحران سے بھی بچا جا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ آنے والے دنوں میں مزید اہم فیصلے بھی کر رہی ہے تاکہ صورتحال کو بہتر طریقے سے سنبھالا جا سکے۔ ان کے مطابق یہ تمام اقدامات احتیاطی نوعیت کے ہیں اور ان کا مقصد مستقبل میں کسی بھی ممکنہ بحران سے بچاؤ ہے۔

Read Comments