مغربی ہواؤں کا طاقتور سلسلہ ملک میں داخل، طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری

کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں 26، 28 اور 29 مارچ کو بارش کی پیش گوئی
اپ ڈیٹ 25 مارچ 2026 01:12pm

مغربی ہواؤں کا سلسلہ جنوبی علاقوں پر اثرانداز ہونا شروع ہوگیا ہے، جس کے باعث سندھ کے مختلف شہروں میں آج اور کل بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت کئی علاقوں میں آئندہ دنوں میں بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے زیرِ اثر سندھ کے مختلف اضلاع میں موسم تبدیل ہونے کا امکان ہے۔ گھوٹکی، لاڑکانہ، میرپورخاص اور حیدرآباد میں آج اور کل بارش متوقع ہے۔

اسی طرح ٹھٹھہ، سکھر، بے نظیرآباد، دادو اور بدین میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جہاں کہیں کہیں درمیانی اور ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بھی موسم تبدیل ہونے کا امکان ہے اور شہر میں 26، 28 اور 29 مارچ کو بارش ہوسکتی ہے۔ بارش کے باعث موسم خوشگوار ہونے کی توقع ہے جبکہ بعض علاقوں میں ٹریفک اور معمولات زندگی متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

ادارے نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ موسم کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خاص طور پر ان اوقات میں جب بارش کا امکان زیادہ ہو۔

Read Comments