رجب بٹ کا ذوالقرنین سکندر اور کنول آفتاب کو دوٹوک جواب، تنازع شدت اختیار کر گیا
پاکستان کے مشہور یوٹیوبر رجب بٹ اور ذوالقرنین سکندر کے درمیان جاری لفظی جنگ اب شدت اختیار کر چکی ہے، جہاں دونوں ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ کر رہے ہیں۔
رجب بٹ جو ان دنوں اپنی نجی زندگی اور قانونی مسائل کی وجہ سے خبروں میں ہیں، اب اپنے پرانے دوستوں کے ساتھ ایک نئے اور بڑے تنازع کا شکار ہو گئے ہیں۔
اس لڑائی کا آغاز اس وقت ہوا جب ذوالقرنین سکندر نے ایک تفصیلی ویڈیو شیئر کرتے ہقئے رجب بٹ پر سخت تنقید کی اور دعویٰ کیا کہ رجب بٹ کی شادی کے اسپانسرز ڈھونڈنے میں انہوں نے اور کنول آفتاب نے اہم کردار ادا کیا تھا۔
ذوالقرنین نے ثبوت کے طور پر آڈیو ریکارڈنگز بھی جاری کیں اور رجب بٹ پر منافقت اور کنول آفتاب کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے کا الزام لگایا، جنہیں وہ کبھی اپنی بہن کہتے تھے۔
رجب بٹ نے ان الزامات کے جواب میں انتہائی سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں توقع تھی کہ ذوالقرنین براہِ راست بات کریں گے، مگر انہوں نے وی لاگ کے ذریعے معاملہ بڑھایا۔
رجب بٹ نے اپنے موقف کا دفاع کرتے ہوئے کہا، ’اگر میں نے کنول کو ’آنٹی‘ کہا تو اس میں کچھ غلط نہیں، کیونکہ میں خود بھی ایک ’انکل‘ ہوں اور مجھے اس پر کوئی اعتراض نہیں۔ کنول کو میرے خلاف سخت الفاظ استعمال نہیں کرنے چاہیے تھے اور نہ ہی ’وومن کارڈ‘ کھیلنا چاہیے تھا۔‘
رجب نے واضح کیا کہ وہ اس تنازع کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور پیچھے ہٹنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔
انٹرنیٹ صارفین اس لڑائی پر منقسم نظر آتے ہیں اور دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا: ”جب آپ کا دوست آپ کی اہلیہ کے بارے میں باتیں کر رہا تھا تب آپ کو برا نہیں لگا، لیکن ’بے غیرت‘ کہے جانے پر آپ سیخ پا ہو گئے۔“
ایک اور صارف کا کہنا تھا: ”آپ لوگوں نے خود اپنے گھر کے معاملات سوشل میڈیا پر لا کر تماشہ بنایا ہے۔“
کچھ صارفین نے اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے رجب بٹ کی فیملی کو ”فتنہ فیملی“ کا لقب بھی دے دیا۔
اس معاملے نے آن لائن کمیونٹی میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے، جو تاحال جاری ہے۔