ملائکہ اروڑا کا اپنی نجی زندگی اور افواہوں پر ردِعمل
بولی ووڈ کی معروف اداکارہ اور ڈانس کوئین ملائکہ اروڑا ایک بار پھر اپنی نجی زندگی اور ڈیٹنگ کی افواہوں کی وجہ سے خبروں کی زینت بنی ہوئی ہیں۔ گزشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر ان کا نام مختلف شخصیات کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے، جس پر اب اداکارہ نے خاموشی توڑ دی ہے۔
ملائکہ اروڑا کو اکثر عوامی مقامات پر جس کے ساتھ بھی دیکھا جائے، فوراً ان کی ڈیٹنگ کی خبریں گردش کرنے لگتی ہیں۔
گزشتہ سال ایک کنسرٹ کے دوران ہریش مہتا نامی کاروباری شخصیت کے ساتھ دیکھے جانے پر ان کے تعلقات کے چرچے ہوئے، جبکہ حال ہی میں سوربھ بیدی کے ساتھ ان کی تصاویر نے ایک نیا تنازع کھڑا کر دیا۔
ایک حالیہ انٹرویوکے دوران ملائکہ اروڑا سے مختلف افراد کے ساتھ منسوب ہونے والی افواہوں کے بارے میں سوال کیا گیا، جس پر انہوں نے صاف الفاظ میں کہا کہ یہ سب باتیں انہیں بے حد پریشان کرتی ہیں، لیکن وہ انہیں سنجیدگی سے لینے کے بجائے مذاق میں اڑا دیتی ہیں۔
انہوں نے کہا، ’سچ کہوں تو اب یہ سب چڑچڑا پن پیدا کرتا ہے، اس لیے میں نے ان باتوں کو سنجیدہ لینے کے بجائے ایک مذاق کی طرح لینا شروع کر دیا ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ وہ اور ان کا بیٹا، ارہان خان، اکثر ان افواہوں کو دیکھ کر ایک ساتھ ہنستے ہیں اور اسے زیادہ اہمیت نہیں دیتے۔
ارباذ خان سے طلاق اور ارجن کپور سے 2024 میں علیحدگی کے بعد ملائکہ اپنی زندگی کو نئے سرے سے ترتیب دینے میں مصروف ہیں۔
پارٹنر کی تلاش کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ فی الحال کسی رشتے کے لیے بے چین نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا، ’اگر زندگی میں کسی نے آنا ہوا تو وہ خود آ جائے گا، میں اسے پلان نہیں کر سکتی۔ اس وقت میں اپنی زندگی کے نئے تجربات اور کام سے بہت خوش ہوں اور یہی میری اصل تحریک ہے۔‘
ملائکہ نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ اگر وہ مستقبل میں کسی کے ساتھ رشتے میں منسلک ہوتی ہیں تو وہ صرف اور صرف ان کی اپنی شرائط پر ہوگا۔
ان کے مطابق، ایک پارٹنر ہونا اچھی بات ہے، لیکن یہ ان کی زندگی کی ضرورت نہیں۔
یاد رہے کہ ملائکہ اروڑا کی ارباز خان سے شادی 2017 میں ختم ہوئی تھی، جبکہ بعد ازاں وہ ارجن کپور کے ساتھ تعلق میں رہیں۔ تاہم اب وہ اپنی آزادی، خودمختاری اور ذاتی خوشی کو ترجیح دے رہی ہیں۔