بھارت اور افغانستان کا ’گھوسٹ اکاؤنٹ‘ سے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ آپریشن
پاکستان اور خطے کے امن کے خلاف بھارت اور افغانستان کی مبینہ سازش بے نقاب ہو گئی ہے، جس کے تحت سوشل میڈیا پر جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے پاکستان مخالف پروپیگنڈا مہم چلائی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس مہم میں جعلی ایرانی شناختوں کا سہارا لے کر پاکستان کے خلاف نفرت انگیز بیانیہ گھڑا گیا اور عالمی سطح پر ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ ڈس انفارمیشن آپریشن خفیہ نیٹ ورک کے ذریعے لانچ کیا گیا، جس کا آغاز مبینہ طور پر ایران سے منسوب جعلی میڈیا پلیٹ فارمز اور گھوسٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹس سے کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مہم کے تحت پاکستان پر امریکا کے لیے تیل ترسیل جیسے بے بنیاد الزامات بھی عائد کیے گئے تاکہ نفرت انگیز پروپیگنڈے کو تقویت دی جا سکے۔
مزید انکشاف ہوا ہے کہ ایرانی شناخت رکھنے والے درجنوں سوشل میڈیا اکاؤنٹس درحقیقت بھارت اور افغانستان سے آپریٹ ہو رہے ہیں، جن کا مقصد مشرق وسطیٰ میں پاکستان کی امن کوششوں کو سبوتاژ کرنا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ منظم ڈس انفارمیشن مہم خطے میں کشیدگی بڑھانے اور پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی ایک کوشش قرار دی جا رہی ہے۔