حمزہ علی عباسی کی بہن کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں چونکا دینے والے انکشافات

معروف اینکر جنید سلیم کیس سے متعلق حیرت انگیز تفصیلات منظرِ عام پر لائے ہیں۔
شائع 28 مارچ 2026 02:56pm

پاکستان کے معروف اداکار حمزہ علی عباسی کی ہمشیرہ اور نامور ماہرِ امراضِ جلد ڈاکٹر فضیلہ عباسی کے گرد قانون کا گھیرا تنگ ہو گیا ہے۔

ڈاکٹر فضیلہ عباسی ان دنوں مبینہ منی لانڈرنگ کیس کے باعث خبروں میں ہیں، جہاں ان کے مالی معاملات سے متعلق حیران کن تفصیلات سامنے آئی ہیں۔

حالیہ پیش رفت میں اسلام آباد کی مقامی عدالت نے مبینہ منی لانڈرنگ کیسز میں ان کی عبوری ضمانت منسوخ کر دی ہے، جس کے بعد ان کی گرفتاری کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف ائی آر کی جانب سے ڈاکٹر فضیلہ عباسی کے خلاف دو مختلف کیسز میں تحقیقات جاری ہیں۔

معروف اینکر جنید سلیم اپنے حالیہ وی لاگ میں اس کیس کی حیرت انگیز تفصیلات منظرِ عام پر لائے ہیں۔

ان کے مطابق، ڈاکٹر فضیلہ عباسی کے زیرِ استعمال 22 مختلف بینک اکاؤنٹس سے لگ بھگ 25 ارب روپے کی خطیر رقم کی مشکوک منتقلی ریکارڈ کی گئی ہے۔

جنید سلیم کی رپورٹ کے مطابق ان مالیاتی معاملات میں کئی ایسی باتیں سامنے آئی ہیں جو تحقیقاتی اداروں کے لیے سوالیہ نشان بنی ہوئی ہیں۔

ڈاکٹر فضیلہ عباسی نے اپنی سالانہ آمدن صرف 4 سے 6 لاکھ روپے ظاہر کر رکھی ہے، جبکہ ان کے اکاؤنٹس سے 25 ارب روپے کا لین دین ہوا ہے، جس کا وہ فی الحال کوئی تسلی بخش جواب نہیں دے سکیں۔

یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں واقع ان کا کلینک رجسٹرڈ نہیں، جبکہ ادائیگیاں ڈرائیورز اور دیگر ملازمین کے نام پر چیک کے ذریعے کی گئیں، جس سے شبہات مزید بڑھ گئے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ان اکاؤنٹس میں سے ایک اکاؤنٹ ان کے بھائی اور والدہ کے ساتھ مشترکہ بھی ہے، جس نے معاملے کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر ڈاکٹر فضیلہ عباسی کے سوشل میڈیا اکاونٹس کا جائزہ لیا جائے تو وہ پرائیویٹ جہازوں اور لگژری گاڑیوں سے سفر کرتی ہیں.

جنید سلیم نے مزید انکشاف کیا کہ اگر ڈاکٹر فضیلہ کے سفری دستاویزات کو دیکھا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ ان کا دبئی سے اسلام آباد اتنا آنا جانا ہوتا ہے کہ کوئی پنڈی سے اسلام آباد نہیں کرسکتا۔ اگر وہ ناشتہ ابو ظہبی کرتی ہیں تو لنچ اسلام آباد میں ہوتا تھا۔

یہ کیس نہ صرف مالی بے ضابطگیوں بلکہ ٹیکس اور قانونی شفافیت کے حوالے سے بھی اہم سمجھا جا رہا ہے۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آ سکیں گے۔

سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں اس خبر نے کھلبلی مچا دی ہے، کیونکہ حمزہ عباسی شوبز انڈسٹری میں ایک معتبر نام مانے جاتے ہیں۔

فی الحال حمزہ علی عباسی یا ان کے خاندان کی جانب سے ان الزامات پر کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

Read Comments