ایران نے مزید 20 پاکستانی جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دیدی: اسحاق ڈار
ایران نے پاکستان کے لیے اہم سفارتی پیشرفت کرتے ہوئے مزید 20 پاکستانی پرچم بردار جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دے دی ہے۔
اس بات کا انکشاف نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کیا۔
اسحاق ڈار نے ایران کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مثبت پیشرفت خطے میں امن اور استحکام کے لیے اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے پاکستان اور ایران کے درمیان اعتماد میں اضافہ ہوگا اور تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے امن کے لیے کی جانے والی سفارتی کوششوں کو ایران نے سراہا ہے، جو دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کی علامت ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسائل کا حل صرف سفارتکاری، مذاکرات اور باہمی اعتماد کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں خطے کو کشیدگی کے بجائے تعاون اور مفاہمت کی ضرورت ہے، اور ایران کا یہ اقدام اسی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔