’دھرندھر کی کمائی سے ہمیں بھی حصہ دیا جائے‘، لیاری والوں کا بھارت سے مطالبہ
بھارتی فلم ساز آدتیہ دھر کی بلاک بسٹر فلم ’دھرندھر‘ نے جہاں باکس آفس پر ریکارڈ توڑ کامیابی حاصل کی ہے، وہیں اب یہ فلم ایک نئے تنازع اور دلچسپ مطالبے کی زد میں آگئی ہے۔ کراچی کے قدیم اور گنجان آباد علاقے لیاری کے مکینوں نے فلم کی کہانی ان کے علاقے پر مبنی ہونے کی وجہ سے’دھرندھر2’ کے منافع میں بڑے حصے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں لیاری کے رہائشیوں کو فلم ’دھرندھر‘ کی کامیابی پر ردعمل دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں ایک مقامی شخص کا کہنا ہے کہ، ’یہ فلم ہمارے علاقے پر بنی ہے، اس نے کروڑوں کمائے ہیں۔ اگر ہمیں اس میں سے 500 کروڑ روپے مل جائیں تو یہاں کی سڑکیں اور انفراسٹرکچر بدل سکتا ہے۔‘
ایک اور شہری نے طنزیہ انداز میں مطالبہ کیا کہ آدتیہ دھر کو فلم کے منافع کا کم از کم 80 فیصد لیاری کے عوام کو دینا چاہیے، کیونکہ فلم میں ان کی سرزمین اور وہاں کے حالات کو دکھا کر پیسہ کمایا گیا ہے۔
کچھ شہریوں نے تو یہاں تک کہا کہ اس رقم سے لیاری میں ہسپتال بنائے جائیں اور سڑکوں کی حالت زار بدلی جائے۔
ایک مقامی شخص نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر مکمل منافع دینا ممکن نہیں تو کم از کم لیاری کے مشہور چیل چوک کی مرمت یا خوبصورتی پر ہی خرچ کر دیا جائے۔ تاہم ویڈیو میں ایک حقیقت پسندانہ آواز بھی سامنے آئی، جس میں ایک شخص نے کہا کہ ان تمام مطالبات کے باوجود لیاری کو ’ایک روپیہ بھی نہیں ملے گا‘۔
جہاں کچھ لوگ پیسوں کا مطالبہ کر رہے ہیں، وہیں لیاری کے نوجوانوں نے فلم میں علاقے کی تصویر کشی پر اعتراض بھی اٹھایا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ فلم میں لیاری کو صرف گینگ وار، منشیات اور دہشت گردی کے مرکز کے طور پر دکھایا گیا ہے، جبکہ حقیقت میں آج کا لیاری ماضٰ جیسا نہیں رہا ہے۔ رہائشیوں کے مطابق ایسی فلمیں نئی نسل پر منفی اثر ڈالتی ہیں۔
دوسری جانب، سرحد پار سے بھارتی مداحوں نے اس مطالبے پر دلچسپ تبصرے کیے ہیں۔ سوشل میڈیا پر کچھ صارفین نے اسے مذاق قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ’آدتیہ دھر کو چاہیے کہ وہاں اپنے نام کی ایک سڑک بنوا دیں‘، جبکہ کچھ نے اس مطالبے کو مضحکہ خیز قرار دیا۔
یہ معاملہ اب سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکا ہے اور دونوں ممالک کے صارفین کے درمیان بحث کا مرکز بنا ہوا ہے، جہاں کچھ اسے سنجیدہ مسئلہ سمجھتے ہیں تو کچھ اسے محض ایک وائرل ٹرینڈ قرار دے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ ’دھرندھر‘ 5 دسمبر 2025 کو ریلیز ہوئی تھی۔ فلم میں رنویر سنگھ، اکشے کھنہ اور سنجے دت جیسے بڑے ستارے شامل ہیں۔
اس فرنچائز کے پہلے حصے نے دنیا بھر میں 1300 کروڑبھارتی روپے کما کر باکس آفس پر تہلکہ مچا دیا تھا۔ دوسرے حصے نے ایک بار پھر دھوم مچا دی ہے، جس نے عالمی سطح پر 1100 کروڑبھارتی روپے اور مقامی (بھارتی) باکس آفس پر 750 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کما لیے ہیں۔ فلم کی مقبولیت کا جنون رکنے کا نام نہیں لے رہا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم کی شوٹنگ لیاری میں نہیں ہوئی، بلکہ تھائی لینڈ (بنکاک) میں 6 ایکڑ پر محیط ایک بڑا سیٹ لگا کر لیاری کو ہو بہو ری کریٹ کیا گیا تھا۔