ایران جنگ مذاکرات: یورپی یونین کی پاکستان کی سفارت کاری کی حمایت
یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا نے ایران جنگ کے معاملے پر پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔ ان کے مطابق پاکستان نے عندیہ دیا ہے کہ وہ آئندہ دنوں میں بامعنی مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہے تاکہ تنازع ختم کیا جا سکے۔
یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنی ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ انہوں نے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے ایران میں جاری جنگ اور خطے کی سفارتی صورتحال پر ایک مفید گفتگو کی۔
اس رابطے میں مصر، سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کے حالیہ اجلاس کے نتائج پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جو اسلام آباد میں منعقد ہوا تھا۔
انتونیو کوسٹا نے اس بات پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ جنگ طویل ہوتی جا رہی ہے اور اس کے عالمی اثرات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی امن کے لیے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین ہر اس اقدام کی حمایت کرتی ہے جو ثالثی اور مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل نکالنے میں مدد دے۔
ان کے مطابق پاکستانی حکام کے مطابق حکومت آئندہ دنوں میں بامعنی مذاکرات کی میزبانی کی تیاری کر رہی ہے، جن کا مقصد ایران سے متعلق جاری تنازع کو پرامن طریقے سے ختم کرنا ہے۔ یورپی قیادت نے بھی اس بات پر زور دیا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے صرف بات چیت اور سفارتکاری ہی مؤثر راستہ ہے، جو اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے مطابق ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے مجوزہ مذاکرات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایران جنگ کے باعث خطے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے اور عالمی معیشت پر بھی اس کے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگر یہ سفارتی کوششیں کامیاب ہوئیں تو مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم ہونے کا امکان ہے، بصورت دیگر تنازع مزید پھیل سکتا ہے جس سے عالمی امن کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔