معیشت اور توانائی پر اجلاس: سرکاری اخراجات میں کمی، 60 فیصد گاڑیاں فوری بند کرنے کا فیصلہ
صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں توانائی کے ذخائر، معیشت، سرکاری اخراجات میں کمی اور عوامی ریلیف کے لیے اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کی زیر صدارت معیشت، توانائی اور علاقائی صورت حال پر اہم مشاورتی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بچت پالیسی کے تحت سرکاری اخراجات میں کمی اور 60 فیصد سرکاری گاڑیاں فوری طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ملک بھر میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ پر بھی غور ہوا، تاہم صوبائی حکومتوں نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے وفاق سے سفارش کی کہ لاک ڈاؤن نہ لگایا جائے۔ اجلاس میں صوبوں پر 254 ارب روپے کے ریلیف پیکج میں حصہ ڈالنے پر بھی زور دیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر، وفاقی وزرا اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں توانائی بحران، عالمی صورت حال اور علاقائی سیکیورٹی امور کا جائزہ لیا گیا اور عوام کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کے لیے مربوط قومی حکمت عملی اپنانے پر زور دیا گیا۔
صدر مملکت آصف زرداری نے عوامی آگاہی کی ضرورت پر بھی زور دیا اور ہدایت کی کہ بڑھتی قیمتوں کا بوجھ کم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں کمزور طبقات کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ عالمی بحران کے باوجود ملک میں ایندھن کی سپلائی میں کوئی خلل نہیں اور ملک میں تیل و گیس کے وافر ذخائر موجود ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تیل کی قیمتیں بڑھانے کی تجاویز بارہا مسترد کی گئیں اور کفایت شعاری کے اقدامات سے بچت شدہ رقم عوامی ریلیف کے لیے استعمال کی جا رہی ہے۔ اجلاس میں توانائی اور ایندھن کی بچت کے لیے اقدامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کا عزم کیا گیا اور صوبوں پر بھی ریلیف پیکج میں حصہ ڈالنے پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سفارتی رابطوں پر بریفنگ دی اور ترکی، سعودی عرب اور مصر کی قیادت سے ہونے والے حالیہ رابطوں اور ملاقاتوں کی تفصیلات سے شرکا کو آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے اپنے آئندہ دورہ بیجنگ کے بارے میں بھی اجلاس کو آگاہ کیا۔
قبل ازیں، صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اہم ملاقات کی۔ اس ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور سابق وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی بھی شریک تھے۔
ملاقات کے دوران قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں قومی سلامتی، خطے میں بدلتی ہوئی صورت حال اور اس کے پاکستان پر اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
شرکاء نے ملک کے معاشی، توانائی اور سیکیورٹی چیلنجز پر بھی مشاورت کی اور قومی سطح پر مربوط حکمت عملی اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔
