کندھ کوٹ کے ایس ایس پی آفس میں بنائی گئی ڈاکوؤں کی ٹک ٹاک ویڈیو وائرل
سندھ کے شہر کندھ کوٹ میں پولیس کے حساس دفتر سے ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے جہاں مبینہ طور پر ڈاکوؤں ٹک ٹاک ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کردی ہے۔ ویڈیو سامنے آںے کے بعد سیکیورٹی انتظامات اور پولیس کی کارکردگی پر سنجیدہ سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کوکاری گینگ سے تعلق رکھنے والا مبینہ بدنام ڈاکو صدام نندوانی اور بھیو گینگ کا ایک سرگرم ملزم صدام عرف ادھڑ بھیو مبینہ طور پر کندھ کوٹ کے ایس ایس پی آفس کے اندر موجود ہیں اور بغیر کسی خوف کے ٹک ٹاک ویڈیو بنا رہے ہیں۔
ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اگر واقعی یہ ویڈیو ایس ایس پی آفس کے اندر کی ہے تو یہ ایک انتہائی سنگین معاملہ ہے کیونکہ ایسے حساس مقام پر جرائم پیشہ افراد کی موجودگی سیکیورٹی نظام پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔
شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس طرح کے واقعات قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ساکھ کو متاثر کر سکتے ہیں۔
تاحال پولیس کی جانب سے اس ویڈیو کے حوالے سے کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا، جس کی وجہ سے قیاس آرائیاں مزید بڑھ گئی ہیں۔
عوامی حلقوں کا مطالبہ ہے کہ اعلیٰ حکام فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لیں، ویڈیو کی حقیقت جاننے کے لیے شفاف تحقیقات کی جائیں اور اگر کسی قسم کی غفلت یا ملی بھگت ثابت ہو تو ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔